Skip to content

Tag: Nida Fazli

Nida Fazli

اب خوشی ہے نہ کوئی درد رلانے والا

اب خوشی ہے نہ کوئی درد رلانے والا
ہم نے اپنا لیا ہر رنگ زمانے والا

ایک بے چہرہ سی امید ہے چہرہ چہرہ
جس طرف دیکھیے آنے کو ہے آنے والا

اس کو رخصت تو کیا تھا، مجھے معلوم نہ تھا
سارا گھر لے گیا، گھر چھوڑ کے جانے والا

دور کے چاند کو ڈھونڈو نہ کسی آنچل میں
یہ اجالا نہیں آنگن میں سمانے والا

اک مسافر کے سفر جیسی ہے سب کی دنیا
کوئی جلدی میں، کوئی دیر سے جانے والا

ندا فاضلی

Leave a Comment

تنہا تنہا ہم رولیں گے

تنہا تنہا ہم رولیں گے، محفل محفل گائیں گے
جب تک آنسو ساتھ رہیں گے تب تک گیت سنائیں گے

تم جو سوچو، وہ تم جانو، ہم تو اپنی کہتے ہیں
دیر نہ کرنا گھر جانے میں ورنہ گھر کھوجائیں گے

بچوں کے چھوٹے ہاتھوں کو چاند ستارے چھونے دو
چار کتابیں پڑھ کر وہ بھی ہم جیسے ہوجائیں گے

کن راہوں سے دور ہے منزل، کون سا رستہ آساں ہے
ہم جب تھک کر رک جائیں گے، اوروں کو سمجھائیں گے

اچھی صورت والے سارے پتھر دل ہوں، ممکن ہے
ہم تو اس دن رائے دیں گے جس دن دھوکہ کھائیں گے

ندا فاضلی

Leave a Comment
%d bloggers like this: