Skip to content

Tag: Ali Zaryon

Ali Zaryon

کوئی ایسا خطّہءارض ہو، جہاں زندگی کا سماج ہو

کوئی ایسا خطّہءارض ہو، جہاں زندگی کا سماج ہو
جہاں آنسووں کا لحاظ ہو، جہاں روشنی کا رواج ہو

جہاں بیڑیاں نہ ہوں پاوں میں، جہاں چادروں کو گھٹن نہ ہو
جہاں خواب اپنا سفر کریں تو کسی نگہ کی چبھن نہ ہو

کوئی نظم ایسا دیار ہو، جہاں اک دئیے کا مزار ہو
جہاں منّتوں میں غزل بندھے،جہاں آیتوں کا حصار ہو

وہیں ایک حلقہءعاشقاں، ترا ذکر کرتا ہوا ملے
کوئی سر بہ زانو پڑا ملے، کوئی آہ بھرتا ہوا ملے

جہاں لوگ ایسے بھلے بسیں، جو مسافروں کو پناہ دیں
جہاں برگدوں سے بزرگ ہوں، کہ جو نوجوانوں کو راہ دیں

جہاں بات خلقِ خدا کی ہو، جہاں رِیت صرف دعا کی ہو
جہاں استعارے نئے بنیں، جہاں شاعری ہو، بلا کی ہو

کوئی ایک ایسی جگہ جہاں ! کسی آدمی کو ضرر نہ ہو
جہاں پر سکون ہو زندگی, جہاں قتل ہونےکا ڈر نہ ہو

علی زریون

Leave a Comment

زنِ حسین تھی اور پھول چُن کے لاتی تھی

زنِ حسین تھی اور پھول چُن کے لاتی تھی
میں شعر کہتا تھا وہ داستان سناتی تھی

اسے پتہ تھا میں دنیا نہیں محبت ہوں
وہ میرے سامنے کچھ بھی نہیں چھپاتی تھی

منافقوں کو میرا نام زہر لگتا تھا
وہ جان بوجھ کے غصہ انھیں دلاتی تھی

عرب لہو تھا رگوں میں, بدن سنہری تھا
وہ مسکراتی نہیں تھی دئیے جلاتی تھی

اسے کسی سے محبت تھی اور وہ میں نہیں تھا
یہ بات مجھ سے زیادہ اسے رلاتی تھی

یہ پھول دیکھ رہے ہو یہ اس کا لہجہ تھا
یہ جھیل دیکھ رہے ہو یہاں وہ آتی تھی

میں کچھ بتا نہیں سکتا وہ میری کیا تھی علی
کہ اس کو دیکھ کے بس اپنی یاد آتی تھی

ہر ایک روپ انوکھا تھا اُس کی حیرت کا
مِرے لئے وہ زمانے بدل کے آتی تھی

میں اُس کے بعد کبھی ٹھیک سے نہیں جاگا
وہ مجھ کو خواب نہیں، نیند سے جگاتی تھی

“علی یہ لوگ تمہیں جانتے نہیں ہیں ابھی”
گلے لگا کے مِرا حوصلہ بڑھاتی تھی

” تم اُس سے دُور رہو” لوگ اُس سے کہتےتھے
” وہ میرا سچ ہے ” بہت چیخ کر بتاتی تھی

Leave a Comment

پہلے پہل لڑیں گے تمسخر اڑائیں گے

پہلے پہل لڑیں گے تمسخر اڑائیں گے
جب عشق دیکھ لیں گے تو سر پر بٹھائیں گے

تو تو پھر اپنی جان ہے تیرا تو ذکر کیا
ہم تیرے دوستوں کے بھی نخرے اٹھائیں گے

غالبؔ نے عشق کو جو دماغی خلل کہا
چھوڑیں یہ رمز آپ نہیں جان پائیں گے

پرکھیں گے ایک ایک کو لے کر تمہارا نام
دشمن ہے کون دوست ہے پہچان جائیں گے

قبلہ کبھی تو تازہ سخن بھی کریں عطا
یہ چار پانچ غزلیں ہی کب تک سنائیں گے

آگے تو آنے دیجئے رستہ تو چھوڑیئے
ہم کون ہیں یہ سامنے آ کر بتائیں گے

یہ اہتمام اور کسی کے لئے نہیں
طعنے تمہارے نام کے ہم پر ہی آئیں گے

علی زریون

Leave a Comment

غرورِنار میرے پاؤں میں پڑا ہوا تھا

غرورِنار میرے پاؤں میں پڑا ہوا تھا
میں خاک تھا سو میرا مرتبہ بڑا ہوا تھا

میں چاہتا تھا بتا دوں کہ دیوتا نہیں مَیں
مگر وہ حُسن مِرے نور سے ڈرا ہوا تھا

میں چاہتا تو زبانیں خاموش کر دیتا
مگر میں چپ تھا تیرے حکم پر رکا ہوا تھا

رحیم دن تھے،شفق دھوپ تھی،سجل شامیں
اِنھی دنوں میں مِرا تجھ سے رابطہ ہوا تھا

سو مَیں نے بات بدل دی گلے لگا کے اُسے
دُرست شخص غلط بات پر اڑا ہوا تھا

میرے خلاف تیرے کان کیوں نا بھرتے یہ لوگ
تیری جبیں پہ میرا نام جو لکھا ہوا تھا

سو ماں کی قبر پہ پہنچا لپٹ کے رونے لگا
دلیر بیٹا کسی بات پر دکھا ہوا تھا

ہم ایک ساتھ تھے اور اپنی اپنی نیند میں تھے
وہ سو رہی تھی علی اور میں۔۔۔ مرا ہوا تھا

Leave a Comment

ہمارے شعروں کی کیا حقیقت

ہمارے شعروں کی کیا حقیقت,تمہاری آنکھوں کے ترجمے ہیں
تمہاری آنکھیں کے جن کے جادو, ہزار راتوں کے ترجمے ہیں

جو تم ترقی کی بات لکھنا, تو یہ گواہی بھی ساتھ لکھنا
یہ ٹوٹی گلیاں یہ بھوکے بچے,تمہارے محلوں کے کے ترجمے ہیں

میں اس عدالت کو کیسے مانوں, بدست جابر جو بک گئی ہو
یہ جتنے کاغذ ہیں فیصلوں کے, سب غلاموں کے ترجمے ہیں

ہماری آنکھوں پہ طنز کیسا,ہماری حالت سے وحشتیں کیوں
کہ اپنی آنکھوں کے رتجگے بھی تمہاری نیندوں کے ترجمے ہیں

علی زریون

Leave a Comment

دقت نہیں گر میں تمہیں الجھا سا لگتا ہوں

دقت نہیں گر میں تمہیں الجھا سا لگتا ہوں
میں پہلی مرتبہ ملنے میں سب کو ایسا لگتا ہوں

ضروری تو نہیں ہم ساتھ ہیں تو کوئی چکر ہو
وہ میری دوست ہے اور میں اسے بس اچھا لگتا ہوں

علی زریون

Leave a Comment
%d bloggers like this: