Skip to content

Tag: Daagh Dehlvi

Daagh Dehlvi

نگاہ پھیر کے عذرِ وصال کرتے ہیں

نگاہ پھیر کے عذرِ وصال کرتے ہیں
مجھے وہ الٹی چھری سے حلال کرتے ہیں

زبان قطع کرو، دل کو کیوں جلاتے ہو
اِسی سے شکوہ، اسی سے سوال کرتے ہیں

نہ دیکھی نبض، نہ پوچھا مزاج بھی تم نے
مریضِ غم کو یونہی دیکھ بھال کرتے ہیں

مرے مزار کو وہ ٹھوکوں سے ٹھکرا کر
فلک سے کہتے ہیں یوں پائمال کرتے ہیں

پسِ فنا بھی مری روح کانپ جاتی ہے
وہ روتے روتے جو آنکھوں کو لال کرتے ہیں

اُدھر تو کوئی نہیں جس سے آپ ہیں مصروف
اِدھر کو دیکھیے، ہم عرض حال کرتے ہیں

یہی ہے فکر کہ ہاتھ آئے تازہ طرزِ ستم
یہ کیا خیال ہے، وہ کیا خیال کرتے ہیں

وہاں فریب و دغا میں کمی کہاں توبہ
ہزار چال کی وہ ایک چال کرتے ہیں

نہیں ہے موت سے کم اک جہان کا چکر
جنابِ خضر یونہی انتقال کرتے ہیں

چھری نکالی ہے مجھ پر عدو کی خاطر سے
پرائے واسطے گردن حلال کرتے ہیں

یہاں یہ شوق، وہ نادان، مدعا باریک
انھیں جواب بتا کر سوال کرتے ہیں

ہزار کام مزے کے ہیں داغ الفت میں
جو لوگ کچھ نہیں کرتے کمال کرتے ہیں

داغ دہلوی

Leave a Comment

آپ جن کو، ہدف تیرِ نظر کرتے ہیں

آپ جن کو، ہدف تیرِ نظر کرتے ہیں
رات دن، ہائے جگر ، ہائے جگر کرتے ہیں

اور کیا ” داغ ” کے “اشعار ” اثر کرتے ہیں
گدگدی، دل میں حسینوں کےمگر کرتے ہیں

غیر کے سامنے یوں ہوتے ہیں، شکوے مجھ سے
دیکھتے ہیں وہ ادھر ، بات اُدھر کرتے ہیں

دیکھ کر دور سے، ” درباں ” نے مجھے للکارا
نہ کہا یہ، ٹھہر جاؤ ، خبر کرتے ہیں

تھک گئے، ” نامہ اعمال ” کو لکھتے لکھتے
کیا فرشتوں کا برا حال بشر کرتے ہیں

ابھی غیروں سے اشاروں میں ہوئی ہیں باتیں
دیکھتے دیکھتے آپ آنکھوں میں گھر کرتے ہیں

در و دیوار سے، بھی رشک مجھے آتا ھے
غور سے، جب کسی جانب وہ نظر کرتے ہیں

ان سے پوچھے جو کوئی خاک میں ملتے ہیں کہاں
وہ اشارہ، ” طرفِ راہ گزر کرتے ہیں

ایک تو نشہ مے ، اس پہ نشیلی آنکھیں
ہوش اڑتے ہیں ، جدھر کو وہ، نظر کرتے ہیں

عشق میں صبر و تحمل ” ہی کیا کرتے ہم
یہ بھی کم بخت کسی وقت ضرر کرتے ہیں

” غیر ” کے قتل پہ باندھیں یہ بہانہ ھے فقط
کھینچ کر اور بھی پتلی وہ کمر کرتے ہیں

داغ دھلوی

Leave a Comment

اس کعبہِ دل کو کبھی ویران نہیں دیکھا​

اس کعبہِ دل کو کبھی ویران نہیں دیکھا​
اُس بت کو کب اللہ کا مہماں نہیں دیکھا​

کیا ہم نے عذابِ شبِ ہِجراں نہیں دیکھا​
تُم کو نہ یقیں آئے تو ہاں ہاں نہیں دیکھا​

کیا تو نے میرا حال پریشاں نہیں دیکھا​
اس طرح سے دیکھا کہ میری جاں نہیں دیکھا​

جب پڑا وصل میں شوخی سے کسی کا​
پھر ہم نے گریباں کو گریباں نہیں دیکھا​

ہم جیسے ہیں،ایسا کوئی دانا نہیں پایا​
تم جیسے ہو،ایساکوئی ناداں نہیں دیکھا​

راحت کے طلبگا رہزاروں نظر آئے​
محشر میں کوئی حور کا خواہاں نہیں دیکھا​

نظروں میں سمایا ہوا ساماں نہیں دیکھا​
لیلی نے کبھی قیس کو عریاں نہیں دیکھا​

اُس بُت کی محبت میں قیامت کا مزہ ہے​
کافر کو دوزخ میں پشیماں نہیں دیکھا​

کہتے ہو کہ بس دیکھ لیا ہم نے ترا دل​
دل دیکھ لیا اورپھر ارماں نہیں دیکھا​

کیا ذوق ہے کیا شوق ہے سو مرتبہ دیکھوں​
پھر بھی یہ کہوں جلوہ جاناں نہیں دیکھا​

محشر میں وہ نادم ہوں خُدا یہ نہ دِکھائے​
آنکھوں سے کبھی اُس کو پشیماں نہیں دیکھا​

جو دیکھتے ہیں دیکھنے والے تِرے انداز​
تو نے وہ تماشا ہی میری جاں ہی نہیں دیکھا​

ہر چند تیرے ظلم کی کُچھ حد نہیں ظالم​
پر ہم نے کسی شخص کو نالاں نہیں دیکھا​

گو نزع کی حالت ہے مگر پھر یہ کہوں گا​
کُچھ تمُ نے مرِا حالِ پریشاں نہیں دیکھا​

تُم غیر کی تعریف کروقہر خدُا ہے​
معشوق کو یوں بندہ احساں نہیں دیکھا​

کیا جذب محبت ہے کہ جب سینہ سے کھینچا​
سفاک تیرے تیر میں پیکاں نہیں دیکھا​

ملتا نہیں ہمکو دل گمُ گشتہ ہمارا​
تو نے تو کہیں اے غم جاناں نہیں دیکھا​

جو دن مجھے تقدیر کی گردش نے دِکھایا​
تو نے بھی وہ اے گردِشِ دوراں نہیں دیکھا​

کیا داد ملے اُسے پریشانیِ دل کی​
جس بتُ نے کبھی خوابِ پریشاں نہیں دیکھا​

میں نے اُسے دیکھا،مرے دل نے اُسے دیکھا​
تو نے اُسے اے دیدہ حیراں نہیں دیکھا​

تُمکو مرے مرنے کی یہ حسرت یہ تمنا​
اچھوں کو بُری بات کا ارماں نہیں دیکھا​

لو اور سنو کہتے ہیں وہ دیکھ کے مجھکو​
جو حال سنا تھا وہ پریشاں نہیں دیکھا​

تم منہ سے کہے جاؤ کہ دیکھا ہے زمانہ​
آنکھیں تو یہ کہتی ہیں ہاں ہاں نہیں دیکھا​

کیا عیش سے معمور تھی وہ انجمنِ ناز​
ہم نے تو وہاں شمع کو گرِیاں نہیں دیکھا​

کہتی ہے مری قبر پہ رو رو کے محبت​
یوں خاک میں ملتے ہوئے ارماں نہیں دیکھا​

کیوں پوچھتے ہو کون ہے یہ کسکی ہے شہرت​
کیا تم نے کبھی داغؔ کا دیوان نہیں دیکھ

Leave a Comment

عشق تاثیر کرے اور وہ تسخیر بھی ہو

عشق تاثیر کرے اور وہ تسخیر بھی ہو
یہ تو سب کچھ ہو مگر خواہشِ تقدیر بھی ہو

کاش تجھ سے ہی مقابل تری تصویر بھی ہو
دعویِٰ ناز بھی ہو شوخیِ تحریر بھی ہو

جعل سازوں نے بنایا ہے شکایت نامہ
کیوں خفا آپ ہوئے یہ مری تحریر بھی ہو

طمعِ زر ہی سے انسان کی مٹی ہے خراب
خاک میں ہم تو ملا دیں اگر اکسیر بھی ہو

جب مقابل ہی نہ ہوں کس کو بتاؤں اچھا
سامنے آپ بھی ہوں آپ کی تصویر بھی ہو

پہلے یہ شرط مصور سے وہ کر لیتے ہیں
بانکی صورت بھی کھنچے ہاتھ میں شمشیر بھی ہو

کوئی نادان ہوں یاروں کے کہے میں آؤں ؟
جس کو تدبیر بتاتے ہیں وہ تدبیر بھی ہو

کاش وہ محفل ِاغیار میں اے جذبۂ دل
میری تعظیم بھی دے ، مجھ سے بغل گیر بھی ہو

لڑ پڑے غیر سے کیا خیر ہے کیسا ہے مزاج
تم جو چُپ چُپ بھی ہو ، مضطر بھی ہو، دلگیر بھی ہو

گو ہے شوخی وہ اثر دیدۂ نرگس میں کہاں
اُس کی آنکھوں کی طرح سرمۂ تسخیر بھی ہو

تم نمک خوار ہوئے شاہِ دکن کے اے داغؔ
اب خدا چاہے تو منصب بھی ہو ، جاگیر بھی ہو

Leave a Comment

یہ دل لگی بھی قیامت کی دل لگی ہوگی

یہ دل لگی بھی قیامت کی دل لگی ہوگی
خدا کے سامنے جب میری آپ کی ہوگی

تمام عمر بسر یوں ہی زندگی ہوگی
خوشی میں رنج کہیں رنج میں خوشی ہوگی

وہاں بھی تجھ کو جلائیں گے، تم جو کہتے ہو
خبر نہ تھی مجھے جنت میں آگ بھی ہوگی

تری نگاہ کا لڑنا مجھے مبارک ہو
یہ جنگ و ہ ہے کہ آخر کو دوستی ہوگی

سلیقہ چاہئے عادت ہے شرط اس کے لیئے
اناڑیوں سے نہ جنت میں مے کشی ہوگی

ہمارے کان لگے ہیں تری خبر کی طرف
پہنچ ہی جائے گی جو کچھ بُری بھلی ہوگی

مجھے ہے وہم یہ شوخی کا رنگ کل تو نہ تھا
رقیب سے تری تصویر بھی ہنسی ہوگی

ملیں گے پھر کبھی اے زندگی خدا حافظ
خبر نہ تھی یہ ملاقات آخری ہوگی

رقیب اور وفا دار ہو خدا کی شان
بجا ہے اُس نے جفا پر وفا ہی کی ہوگی

بہت جلائے گا حوروں کو داغ جنت میں
بغل میں اُس کی وہاں ہند کی پری ہوگی

داغ دہلوی

Leave a Comment

ملاتے ہو اسی کو خاک میں جو دل سے ملتا ہے

ملاتے ہو اسی کو خاک میں جو دل سے ملتا ہے
مری جاں چاہنے والا بڑی مشکل سے ملتا ہے

کہیں ہے عید کی شادی کہیں ماتم ہے مقتل میں
کوئی قاتل سے ملتا ہے کوئی بسمل سے ملتا ہے

پس پردہ بھی لیلیٰ ہاتھ رکھ لیتی ہے آنکھوں پر
غبار ناتوان قیس جب محمل سے ملتا ہے

بھرے ہیں تجھ میں وہ لاکھوں ہنر اے مجمع خوبی
ملاقاتی ترا گویا بھری محفل سے ملتا ہے

مجھے آتا ہے کیا کیا رشک وقت ذبح اس سے بھی
گلا جس دم لپٹ کر خنجر قاتل سے ملتا ہے

بظاہر با ادب یوں حضرت ناصح سے ملتا ہوں
مرید خاص جیسے مرشد کامل سے ملتا ہے

مثال گنج قاروں اہل حاجت سے نہیں چھپتا
جو ہوتا ہے سخی خود ڈھونڈ کر سائل سے ملتا ہے

جواب اس بات کا اس شوخ کو کیا دے سکے کوئی
جو دل لے کر کہے کم بخت تو کس دل سے ملتا ہے

چھپائے سے کوئی چھپتی ہے اپنے دل کی بیتابی
کہ ہر تار نفس اپنا رگ بسمل سے ملتا ہے

عدم کی جو حقیقت ہے وہ پوچھو اہل ہستی سے
مسافر کو تو منزل کا پتا منزل سے ملتا ہے

غضب ہے داغؔ کے دل سے تمہارا دل نہیں ملتا
تمہارا چاند سا چہرہ مہ کامل سے ملتا ہے

Leave a Comment

ہے طرفہ تماشا سرِ بازارِ محبت

ہے طرفہ تماشا سرِ بازارِ محبت
سر بیچتے پھرتے ہیں خریدارِ محبت

اللہ کرے تو بھی ہو بیمارِ محبت
صدقے میں چھٹیں گے تیرے گرفتارِ محبت

ابرو سے چلے تیغ تو مژگاں سے چلے تیر
تعزیز کے بھوکے ہیں خطا وارِ محبت

اس واسطے دیتے ہیں وہ ہر روز نیا داغ
اک درد کے خوگر نہ ہوا بیمارِ محبت

کچھ تذکرۃِ عشق رہے حضرتِ ناصح
کانوں کو مزہ دیتی ہے گفتارِ محبت

دل بھول نہ جائے کسی مژگاں کی کھٹک کو
کچھ چھیڑ رہے اے خلشِ خارِ محبت

جو چارہ گر آیا مری بالیں پہ یہ بولا
اللہ کو سونپا تجھے بیمارِ محبت

ثابت قدم ایسی رہِ اُلفت میں نہ ہوں گے
تھا ہم کو تہِ تیخ بھی اقرارِ محبت

دیکھا ہے زمانے کو ان آنکھوں نے تو اے داغؔ
اس رنگ پر اس ڈھنک پر انگارِ محبت​

داغؔ دہلوی​

Leave a Comment

ساز، یہ کینہ ساز کیا جانیں

ساز، یہ کینہ ساز کیا جانیں
ناز والے نیاز کیا جانیں

کب کسی در کی جُبّہ سائی کی
شیخ صاحب نماز کیا جانیں

جو رہِ عشق میں قدم رکھیں
وہ نشیب و فراز کیا جانیں

پوچھئے مے کشوں سے لطفِ شراب
یہ مزہ پاک باز کیا جانیں

حضرتِ خضر جب شہید نہ ہوں
لطفِ عمرِ دراز کیا جانیں

جو گزرتے ہیں داغ پر صدمے
آپ بندہ نواز کیا جانیں

داغ دہلوی

Leave a Comment

لے چلا جان مری روٹھ کے جانا تیرا

لے چلا جان مری روٹھ کے جانا تیرا
ایسے آنے سے تو بہتر تھا نہ آنا تیرا

اپنے دل کو بھی بتاؤں نہ ٹھکانا تیرا
سب نے جانا جو پتا ایک نے جانا تیرا

تو جو اے زلف پریشان رہا کرتی ہے
کس کے اجڑے ہوئے دل میں ہے ٹھکانا تیرا

آرزو ہی نہ رہی صبح وطن کی مجھ کو
شام غربت ہے عجب وقت سہانا تیرا

یہ سمجھ کر تجھے اے موت لگا رکھا ہے
کام آتا ہے برے وقت میں آنا تیرا

اے دل شیفتہ میں آگ لگانے والے
رنگ لایا ہے یہ لاکھے کا جمانا تیرا

تو خدا تو نہیں اے ناصح ناداں میرا
کیا خطا کی جو کہا میں نے نہ مانا تیرا

رنج کیا وصل عدو کا جو تعلق ہی نہیں
مجھ کو واللہ ہنساتا ہے رلانا تیرا

کعبہ و دیر میں یا چشم و دل عاشق میں
انہیں دو چار گھروں میں ہے ٹھکانا تیرا

ترک عادت سے مجھے نیند نہیں آنے کی
کہیں نیچا نہ ہو اے گور سرہانا تیرا

میں جو کہتا ہوں اٹھائے ہیں بہت رنج فراق
وہ یہ کہتے ہیں بڑا دل ہے توانا تیرا

بزم دشمن سے تجھے کون اٹھا سکتا ہے
اک قیامت کا اٹھانا ہے اٹھانا تیرا

اپنی آنکھوں میں ابھی کوند گئی بجلی سی
ہم نہ سمجھے کہ یہ آنا ہے کہ جانا تیرا

یوں تو کیا آئے گا تو فرط نزاکت سے یہاں
سخت دشوار ہے دھوکے میں بھی آنا تیرا

داغؔ کو یوں وہ مٹاتے ہیں یہ فرماتے ہیں
تو بدل ڈال ہوا نام پرانا تیرا

داغ دہلوی

Leave a Comment

کیوں کرتے ہو دنیا کی ہر اک بات سے توبہ

کیوں کرتے ہو دنیا کی ہر اک بات سے توبہ
منظور تو ہے میری ملاقات سے توبہ

کیوں کر نہ کروں شورِ مناجات سے توبہ
آغاز ہو جب چار گھڑی رات سے توبہ

زاہد نے چُھپایا ہے اُسے گوشہ دِل میں
بھاگی تھی کسی رندِ خرابات سے توبہ

یہ فصل اگر ہو گی تو ہر روز پییں گے
ہم مے سے کریں توبہ کے برسات سے توبہ

کیوں کر وہ اِدھر آۓ کہ اے حضرتِ زاہد
بچتی ہی نہیں قبلہ حاجات سے توبہ

تعریفِ صنم بات ہے ، پتھر نہیں زاہد
کیا ٹوٹ گئی حرف و حکایات سے توبہ

بیعت بھی جو کرتا ہے تو وہ دستِ سبو پر
چکراتی ہے کیا رندِ خرابات سے توبہ

اللّه دکھاۓ نہ مجھے روز و شبِ ہجر
اُس دن سے حذر کیجیے اُس رات سے توبہ

خود ہم نہ ملیں گے ، نہ کہیں جائیں گے مہماں
کی آپ نے واللہ نئی گھات سے توبہ

کافر تری تقریر تو اچھی ہے کریں کیا
کرتے ہیں مسلمان بُری بات سے بات

وہ آئی گھٹا جھوم کے للچانے لگا دل
واعظ کو بلاؤ کہ چلی ہات سے توبہ

پُھسلاتے ہیں کیوں آپ مجھے حضرتِ ناصح
منت سے کروں گا نہ مدارات سے توبہ

آفت ہے ، قیامت ہے یہ پاداش ، غضب ہے
توبہ ، عملِ بد کی مکافات سے توبہ

دنیا میں کوئی بات ہی اچھی نہیں زاہد
اِس بات سے توبہ ، کبھی اُس بات سے توبہ

مسجد نہیں دربار ہے یہ پیرِ مغاں کا
دروازے کے باہر رہے اوقات سے توبہ

اُمید ہے مجھ کو یہ ندا آۓ دمِ مرگ
مقبول ہوئی اس کی عنایات سے توبہ

یہ داغِؔ قدح خوار کے کیا جی میں سمائی
سنتے ہیں کیے بیٹھے ہیں وہ رات سے توبہ

داغ دہلوی

Leave a Comment
%d bloggers like this: