Skip to content

Category: Uncategorized

میرے ھی لہُو پر ، گزر اوقات کرو ھو

میرے ھی لہُو پر ، گزر اوقات کرو ھو
مجھ سے ھی ، امیروں کی طرح بات کرو ھو

دِن ایک ستم ، ایک سِتم رات کرو ھو
وہ دوست ھو ، دشمن کو بھی تم مات کرو ھو

ھم خاک نشیں ، تم سُخن آرائے سرِ بام
پاس آ کے ملو ، دُور سے کیا بات کرو ھو

ھم کو جو مِلا ھے , وہ تمھیں سے تو ملا ھے
ھم اور بُھلا دیں تمھیں ، کیا بات کرو ھو

یوں تو ھمیں منہ پھیر کے ، دیکھو بھی نہیں ھو
جب وقت پڑے ھے تو ، مدارات کرو ھو

دامن پہ کوئی چھینٹ ، نہ خنجر پہ کوئی داغ
تم قتل کرو ھو ، کہ کرامات کرو ھو

بَکنے بھی دو عاجزؔ کو ، جو بولے ھے بَکے ھے
دیوانہ ھے ، دیوانے سے کیا بات کرو ھو

Leave a Comment

دسترس میں نہیں ہیں حالات تجھے کیا معلوم

دسترس میں نہیں ہیں حالات تجھے کیا معلوم
اب ضروری ہے ملاقات تجھے کیا معلوم

رات کے پچھلے پہر نیند شکن تنہائی
کیسے کرتی ہے سوالات تجھے کیا معلوم

تو بہ ضد ہے کہ سرعام پرستش ہو تیری
میں ہوں پابند روایت تجھے کیا معلوم

جشن ساون کا یوں بڑھ چڑھ کے منانے والے
ظلم کیا ڈھاتی ہے برسات تجھے کیا معلوم

شانہء وقت پہ اب زلف پریشان کی طرح
بکھری رہتی ہے میری ذات تجھے کیا معلوم

صدا باتیں تھیں اس کی مگر ان میں کہیں
چپ تھے رنگین خیالات تجھے کیا معلوم

Leave a Comment

پہلا سا حال، پہلی سی وحشت نہیں رہی

پہلا سا حال، پہلی سی وحشت نہیں رہی
شاید کہ تیرے ہجر کی عادت نہیں رہی

شہروں میں ایک شہر مرے رَت جگوں کا شہر
کوچے تو کیا دِلوں ہی میں وسعت نہیں رہی

لوگوں میں میرے لوگ وہ دل داریوں کے لوگ
بچھڑے تو دُور دُور رقابت نہیں رہی

شاموں میں ایک شام وہ آوارگی کی شام
اب نیم وَا دریچوں کی حسرت نہیں رہی

راتوں میں ایک رات مِرے گھر کی چاند رات
آنگن کو چاندنی کی ضرورت نہیں رہی

راہوں میں ایک راہ وہ گھر لَوٹنے کی راہ
ٹھہرے کسی جگہ وہ طبیعت نہیں رہی

یادوں میں ایک یاد کوئی دل شکن سی یاد
وہ یاد اب کہاں ہے کہ فرصت نہیں رہی

ناموں میں ایک نام سوال آشنا کا نام
اب دل پہ ایسی کوئی عبارت نہیں رہی

خوابوں میں ایک خواب تری ہمرَہی کا خواب
اب تجھ کو دیکھنے کی بھی صورت نہیں رہی

رنگوں میں ایک رنگ تری سادگی کا رنگ
ایسی ہَوا چلی کہ وہ رنگت نہیں رہی

باتوں میں ایک بات تیری چاہتوں کی بات
اور اب یہ اِتّفاق کہ چاہت نہیں رہی

یاروں میں ایک یار وہ عیّاریوں کا یار
مِلنا نہیں رہا تو شکایت نہیں رہی

فصلوں میں ایک فصل وہ جاندادگی کی فصل
بادل کو یاں زمین سے رغبت نہیں رہی

زخموں میں ایک زخم متاعِ ہنر کا زخم
اب کوئی آرزوئے جراحت نہیں رہی

سنّاٹا بولتا ہے صدا مت لگا نصیرؔ
آواز رہ گئی ہے سماعت نہیں رہی

Leave a Comment

کسی تصویر میں رنگوں سے ابھارے نہ گئے

کسی تصویر میں رنگوں سے ابھارے نہ گئے
تیرے چہرے کے دل آویز گلابی ہالے
میرے الفاظ کا ترشا ہوا سنگِ مرمر
کون سے بت میں تیرے جسم جواں کو ڈھالے

تیری نوخیز جوانی کے کنوارے موتی
جگمگاتے رہے وجدان کے آئینے میں
بن گئے رشک چمن لالہ و نرگس کی طرح
داغ اور زخم تھے جتنے بھی میرے سینے میں

تیری خوشبو سے مہکنے لگا گلشن گلشن
ڈالیاں پھولوں کی جھک کر تجھے کہتی ہیں سلام
گردشِ وقت رک جاتی ہے توبہ توبہ
میں نے دیکھا ہی نہیں تجھ سا کوئی آہستہ خرام

یہ تیرا پیکر صد رنگ یہ تیرا آہنگ جمال
دیکھ کر تجھ کو خیال آتے ہیں کیسے کیسے
تیرا چہرہ ہے کہ تخلیق مہ و مہر کا راز
تیری آنکھیں ہیں کہ اسرار دو عالم جیسے

تیری صورت تیری معصوم و مقدس صورت
میری ہر سوچ کے آئینے میں لہراتی ہے
ہائے وہ شعر کہ موزوں نہ ہوا جو تا عمر
تو اسی شعر کی تعریف بنی جاتی ہے

Leave a Comment

ازل سے ایک ہجر کا اسیر ہے،اخیر ہے

ازل سے ایک ہجر کا اسیر ہے،اخیر ہے
یہ دل بھی کیا لکیر کا فقیر ہے،اخیر ہے

ہمارے ساتھ حادثہ بھی دفعتا” نہیں ہوا
جو ہاتھ میں نصیب کی لکیر ہے،اخیر ہے

ہمارے قتل پر ہمیں ہی دوش دے رہے ہیں آپ
جناب من جو آپ کا ضمیر ہے،اخیر ہے

اسی طرف بھڑک رہی ہے آگ زور شور سے
اسی طرف ہی روشنی کثیر ہے، اخیر ہے

اسی لیے اسیر ہوں میں سر زمینِ جھنگ کا
سنا ہے میں نے جھنگ کی جو ہیر ہے،اخیر ہے

ہرا رہے گا عمر بھر جو زخم آپ سے ملا
جناب کی کمان میں جو تیر ہے،اخیر ہے

بہار نے کیا بھی تو خزاؤں کا بھلا کیا
یہ زندگی بھی موت کی سفیر ہے،اخیر ہے

چھڑی ہے میر کی غزل سجی ہے بزمِ مے کشاں
بنا ہوا ہے جو سماں اخیر ہے،اخیر ہے

قریب ہے دلِ حزیں پہ شعر کا نزول ہو
کہ رو برو جو حسنِ دلپذیر ہے،اخیر ہے

Leave a Comment

بجھ گئی آگ ‘ سو میں اپنی تن آسانی کو

بجھ گئی آگ ‘ سو میں اپنی تن آسانی کو
اوڑھ لیتا ہوں ترے جسم کی عُریانی کو

خوف کھائیں گے تو مر جائیں گے ویرانے میں
تُم زرا آگ جلاؤ ‘ میں چلا پانی کو

بے سبب کوئی یہاں دشت و بیاباں لایا
ہجر کافی تھا مری آنکھ کی ویرانی کو

واپس آئے تو در و بام بھی اپنے نہ رہے
ہم جو گھر چھوڑ کے نکلے تھے جہاں بانی کو

پہرہ داروں نے مرے قتل میں عجلت کی ہے
میں تو آیا تھا ترے گھر کی نگہبانی کو

میں تو سیلاب سے کہتا ہوں مرے گھر آؤ
اور لے جاؤ مری بے سرو سامانی کو

وہ اگر ڈھانپ دے تعبیر سے مجھ کو نیّرؔ
چھوڑ دوں خوابِ پیشماں کی پیشمانی کو

Leave a Comment

وہ تیرا روٹھنا مجھ سے , میرا تجھ کو منا لینا

وہ تیرا روٹھنا مجھ سے , میرا تجھ کو منا لینا
محبت کی نشانی ھے , گلے مجھ کو لگا لینا

محبت جس سے ھوتی ھے , اسی پہ مان ھوتا ھے
کبھی میں روٹھ جاءوں تو مجھے تم بھی منا لینا

انا سے دور ھی رھنا کہ یہ سب کچھ مٹا دے گی
انا کے خول سے خود کو ھر صورت بچا لینا

محبت کے سمندر میں کبھی طوفاں بھی اُٹھتا ھے
اس طوفان میں جاناں مجھے کشتی بنا لینا

اگر ڈوبیں گے ھم تو ایک ساتھ ڈوبیں گے
میرا تم سے یہ وعدہ ھے, مگر تم بھی نبھا لینا

Leave a Comment

یہ تُو جو پوچھتا پھرتا ہے ، بے دِلی ہے کیا؟

یہ تُو جو پوچھتا پھرتا ہے ، بے دِلی ہے کیا؟
تو پہلے یہ تو پتہ کر کہ دِل لگی ہے کیا

ہم اہلِ دِل جو محبت کا ساتھ دیتے ہیں
ہماری خوبی تمھیں عیب لگ رہی ہے کیا؟

قصور وار نہیں ہیں دِیے بُجھاتے لوگ
اِنھیں خبر ہی نہیں ہے کہ روشنی ہے کیا؟

بڑے غرور سے لوگوں سے بات کرتے ہو
تمھارے ہاتھ میں دولت نئی نئی ہے کیا؟

ہے رخ پہ گرد اور آئینہ صاف کرتے ہیں
اب اس سے بڑھ کے بتاؤ کہ “سادگی ہے کیا؟

گزشتہ سات برس سے ہوں لاپتہ خود سے
میری کہیں سے کوئی بھی خبر مِلی ہے کیا؟

میں ایک نظم لِکھوں گا تمھارے ہونٹوں پر
یہ قارئین بھی سمجھیں کہ “تازگی ہے کیا”

تیری نظر میں جو دنیا وسیع ہے ساحر
یہ کائنات تیری سوچ سے بڑی ہے کیا؟

Leave a Comment

جب تم سے اتفاقا میری نظر ملی تھی

جب تم سے اتفاقا میری نظر ملی تھی
اب یاد آ رہا ہے شاید وہ جنوری تھی

تم یوں ملی دوبارہ پھر ماہِ فروری میں
جیسے کہ ہمسفر ہو تم راہِ زندگی میں

کتنا حسِین زمانہ آیا تھا مارچ لے کر
راہِ وفا پہ تھی تم وعدوں کی ٹارچ لے کر

باندھا جو عہدِ الفت اپریل چل رہا تھا
دنیا بدل رہی تھی موسم بدل رہا تھا

لیکن مئی جب آئی جلنے لگا زمانہ
ہر شخص کی زباں پہ تھا بس یہی افسانہ

دنیا کے ڈر سے تم نے جب پھیری تھی نگاہیں
تھا جون کا مہینہ لب پہ تھی گرم آہیں

جولائی میں تم نے کی بات چیت کچھ کم
تھے آسمان پہ بادل اور میری آنکھیں پرنم

ماہِ اگست میں جب برسات ہو رہی تھی
تب آنسوؤں کی بارش دن رات ہو رہی تھی

اب یاد آ رہا ہے وہ ماہ تھا ستمبر
بھیجا تھا تم نے مجھ کوترکِ وفا کا لیٹر

تم غیر ہو گئی تھی اکتوبر آ گیا تھا
دنیا بدل چکی تھی موسم بدل چکا تھا

جب آ گیا نومبر وہ بھیگی رات آئی
مجھ سے تمہیں چھڑانے سج کر بارات آئی

اک قید تھا دسمبر جذبات مر چکے تھے
موسم تھا سرد اس میں ارمان بکھر چکے تھے

Leave a Comment

تیرے گاؤں کی خیر ہو آمین

تیرے گاؤں کی خیر ہو آمین
تیری راہوں کی خیر ہو آمین

جن نگاہوں نے تجھکو دیکھا ہو
ان نگاہوں کی خیر ہو آمین

جن صداؤں کو تیرے کان سنیں
ان صداؤں کی خیر ہو آمین

جن ہواؤں کو تیرا لمس ملے
ان ہواؤں کی خیر ہو آمین

جن گداؤں کو تیری بھیک ملے
ان گداؤں کی خیر ہو آمین

جن دعاؤں میں تیرا نام بسے
ان دعاؤں کی خیر ہو آمین

جن گناہوں کو تیرا دل چاہے
ان گناہوں کی خیر ہو آمین

تیرے ہاتھوں سے روشنی پھوٹے
نرم بانہوں کی خیر ہو آمین

جن فضاؤں میں تیری خوشبو ہو
ان فضاؤں کی خیر ہو آمین

Leave a Comment
%d bloggers like this: