میں مست الست کا بھید ہوں میں مستوں میں نروان
میں پہلا نقطہ ب کا ہوں میں الف کا ہوں استھان
۔
میرے رخ پر گونگھٹ میم کا میں آپ ہوں جیم جمال
میرا ماتھا فقر کا جھومر ہے میں ولیوں کا پردھان
۔
میرے من میں شور حقیقت کا میرے لب پر چپ کی سکھ
میرے جسم کے ٹکڑے ٹوٹ کے کریں ہُو ہُو کی گردان
۔
لے جکڑ یہ گردش دہر کی۔۔۔۔۔۔ لے پکڑ سمے کی چھاپ
میرے سامنے وجد میں رقص ہے اور رقص میں ہے وجدان
۔
میرے اندر ساگر پریم کے میرے اندر ہاڑ اُہاڑ
میرے اندر عشق کی آگ ہے میرے اندر دیپک تان
۔
میں ناچوں تا تھک تھیا میں گائوں میگھ ملہار
میرے گھنگھرو کرتے چھن چھن نئی ہستی کا نرمان
۔
میرے بِھیت بسے پرماتما میرے بھیتر گوتم بدھ
مجھے سجدہ کرنے آتے ہیں کئی مندر کئی بھگوان
۔
میری بات نہ میری بات ہے میری بات ماہی کی بات
میرے شعر حدیثیں یار کی میرے لفظ ہیں پاک قرآن
۔
مجھے کون ڈرائے دار سے میرا کلمہ نعرہء حیدری
میں عشق اویس ہوں قرن کا میں میثم کا اعلان
۔
میں نعرہ ہوں منصور کا میں بلھے شاہ کا رقص
میرا نغمہ نحنُ اقرب ہے میری کون کرے پہچان
۔
میرا در ہے کعبہ عشق کا میرے فیض سے پاپ دھلیں
میں نظر کرم ہوں پیر کی میں گنگا کا اشنان
۔
میں کوئی شرک شریک نہیں میں وحدت کا ہوں بھید
میں اس کے نور کا مظہر ہوں میں آدم، میں انسان
۔
اس جا پر میں ہوں، میں نہیں، اس جا پر میں ہوں تم
میں دیکھ کے شیشہ حال کا خود ہو گیا ہوں حیران
۔
یہاں کوئی نہ الف، امیر ہے میرا ایک ہے نام نجیب
میں آپ قلندر، غوث ہوں میں آپ سخی سلطان
Collection Of Your Favorite Poets