زندگی ہے مختلف جذبوں کی ہمواری کا نام
آدمی ہے شلجم اور گاجر کی ترکاری کا نام
اُس نے کی پہلے پہل پیمائشِ صحرائے نجد
قیس ہے دراصل اِک مشہور پٹواری کا نام
عشق ہر جائی بھی ہو تو درد کم ہوتا نہیں
اک ذرا تبدیل ہو جاتا ہے بیماری کا نام
کوئی نصب العین ، کوئی عشق کوئی چاندنی ؟
زندگی ہے ورنہ اک مصرُوف بیکاری کا نام
مدتوں دُزدیدہ ، دُزدیدہ نظر سے دیکھنا
عشق بھی ہے اک طرح کی چور بازاری کا نام
مَیں نے تو اپنے لئے آوارگی تجویز کی
تم نے کیا رکھا ہے اپنی خود گرفتاری کا نام
بات تو جب ہے بدل جائے سرشت انسان کی
یُوں تو لکھ دینے کو لکھ دو اُونٹ پر لاری کا نام
دل ہو یا دلیہ ہو ، دانائی کہ بالائی ضمیر
زندگی ہے بعض اشیاء کی خریداری کا نام
زندگی ہے مختلف جذبوں کی ہمواری کا نام
Published inFunny poetry
Be First to Comment