Skip to content

کیوں اور شکستہ ہوں یہ اعصاب ، لگی شرط

کیوں اور شکستہ ہوں یہ اعصاب ، لگی شرط
میں چھوڑ چکی دیکھنا اب خواب ، لگی شرط

اے شام کے بھٹکے ہوئے ماہتاب ، سنبھل کر
ہر چاند نگلتا ہے یہ تالاب ، لگی شرط

اچھا تو وہ تسخیر نہیں ہوتا کسی سے
یہ بات ہے تو آج سے احباب ، لگی شرط

پھر ایک اسے فون میں رو رو کے کروں گی
پھر چھوڑ کے آجائے گا وہ جاب ، لگی شرط

اس شخص پہ بس اور ذرا کام کرونگی
سیکھے گا محبت کے وہ آداب ، لگی شرط

جو دکھ کی رتوں میں بھی ہنسی اوڑھ کے رکھیں
ہم ایسے اداکار ہیں نایاب ، لگی شرط

جب چاہوں تجھے توڑ دوں میں کھول کے آنکھیں
اے چشم اذیت کے برے خواب ! لگی شرط

Published inGazalsSad Poetry

Be First to Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: