Skip to content

The Poet Place Posts

رات کی دھڑکن جب تک جاری رہتی ہے

رات کی دھڑکن جب تک جاری رہتی ہے
سوتے نہیں ہم ذمہ داری رہتی ہے

.
جب سے تو نے ہلکی ہلکی باتیں کیں
یار طبیعت بھاری بھاری رہتی ہے

.
پاؤں کمر تک دھنس جاتے ہیں دھرتی میں
ہاتھ پسارے جب خودداری رہتی ہے

.
وہ منزل پر اکثر دیر سے پہنچے ہیں
جن لوگوں کے پاس سواری رہتی ہے

.
چھت سے اس کی دھوپ کے نیزے آتے ہیں
جب آنگن میں چھاؤں ہماری رہتی ہے

.
گھر کے باہر ڈھونڈھتا رہتا ہوں دنیا
گھر کے اندر دنیا داری رہتی ہے

راحت اندوری

Leave a Comment

کیوں کسی اور کو دُکھ درد سناؤں اپنے

کیوں کسی اور کو دُکھ درد سناؤں اپنے
اپنی آنکھوں سے بھی میں زخم چُھپاؤں اپنے

میں تو قائم ہوں تیرے غم کی بدولت ورنہ
یوں بِکھر جاؤں کہ خود ہاتھ نہ آؤں اپنے

شعر لوگوں کے بہت یاد ہیں اوروں کے لیے
تُو ملے تو میں تُجھے شعر سناؤں اپنے

تیرے رستے کا، جو کانٹا بھی میسر آئے
میں اُسے شوق سے کالر پر سجاؤں اپنے

سوچتا ہوں کہ بُجھا دوں میں یہ کمرے کا دِیا
اپنے سائے کو بھی کیوں ساتھ جگاؤں اپنے

اُس کی تلوار نے وہ چال چلی ہے اب کہ
پاؤں کٹتے ہیں اگر ہاتھ بچاؤں اپنے

آخری بات مُجھے یاد ہے اُس کی انورؔ
روگ اُس کا نہ میں دِل سے لگاؤں اپنے

انورؔ مسعود

Leave a Comment

ہے عجیب شہر کی زندگی نہ سفر رہا نہ قیام ہے

ہے عجیب شہر کی زندگی نہ سفر رہا نہ قیام ہے

کہیں کاروبار سی دوپہر کہیں بد مزاج سی شام ہے

یونہی روز ملنے کی آرزو بڑی رکھ رکھاؤ کی گفتگو

یہ شرافتیں نہیں بے غرض اسے آپ سے کوئی کام ہے

کہاں اب دعاؤں کی برکتیں وہ نصیحتیں وہ ہدایتیں

یہ مطالبوں کا خلوص ہے یہ ضرورتوں کا سلام ہے

وہ دلوں میں آگ لگائے گا میں دلوں کی آگ بجھاؤں گا

اسے اپنے کام سے کام ہے مجھے اپنے کام سے کام ہے

نہ اداس ہو نہ ملال کر کسی بات کا نہ خیال کر

کئی سال بعد ملے ہیں ہم ترے نام آج کی شام ہے

کوئی نغمہ دھوپ کے گاؤں سا کوئی نغمہ شام کی چھاؤں سا

ذرا ان پرندوں سے پوچھنا یہ کلام کس کا کلام ہے

Leave a Comment

یہ آنکھیں بہت ستاتی ھیں

یہ آنکھیں بہت ستاتی ھیں
یادوں کے خواب دکھاتی ھیں
مجھے ساری رات جگاتی ھیں
کب دل کے راز چھپاتی ھیں
پلکوں کے دریچے کھولتی ھیں
کچھ اپنی زبان میں بولتی ھیں
بس اپنی بات منواتی ھیں
یہ آنکھیں بہت ستاتی ھیں

اک آن میں فیصلہ کرتی ھیں
یہ کب رسوائی سے ڈرتی ھیں
یہ گھنگرو باندھ ناچتی ھیں
ہر وقت یہ جاگتی رہتی ھیں
اک کھوج میں بھاگتی رہتی ھیں
تھک ھار کے واپس آتی ھیں
یہ آنکھیں بہت ستاتی ھیں

چپکے سے کہیں لڑ جاتی ھیں
پھر خوابوں سے بھر جاتی ھیں
جب جھوٹے شور مچاتی ھیں
یہ روئیں تو دل بھی روتا ھے
کب ان سے جدا یہ ھوتا ھے
یہ دل کو روگ لگاتی ھیں
کیوں پیار کیا پچھتاتی ھیں
یہ آنکھیں بہت ستاتی ھیں

Leave a Comment
%d bloggers like this: