Skip to content

Category: Gazals

this will contain gazals

اے ہم سُخن وفا کا تقاضا ہے اب یہی

اے ہم سُخن وفا کا تقاضا ہے اب یہی
مَیں اپنے ہاتھ کاٹ لوں ــ تُو اپنے ہونٹ سی

کن بے دلوں میں پھینک دیا حادثات نے
آنکھوں میں جن کی نُور ــ نہ باتوں میں تازگی

بول اے میرے دیار کی سوئی ہُوئی زمیں
میں جن کو ڈھونڈتا ہوں ــ کہاں ہیں وہ آدمی؟

وہ شاعروں کا شہر ـ ـ وہ لاہور بُجھ گیا
اُگتے تھے جس میں شعر ــ وہ کھیتی ہی جل گئی

میٹھے تھے جن کے پھل ـ ـ وہ شجر کٹ کٹا گئے
ٹھنڈی تھی جس کی چھاؤں ــ وہ دیوار گر گئی

بازار بند ـ ـ راستے سُنسان ، بے چراغ
وہ رات ہے ــ کہ گھر سے نکلتا نہیں کوئی

گلیوں میں اب تو ـ ـ شام سے پھرتے ہیں پہرہ دار
ہے کوئی کوئی شمع ــ سو وہ بھی بُجھی بُجھی

اے روشنئ دیدہ و دل ـ ـ اب نظر بھی آ
دُنیا ترے فراق میں ــ اندھیر ہو گئی

القصہ ـ ـ جیب چاک ہی کرنی پڑی ہمیں
گو اِبتدائے غم میں ــ بڑی احتیاط کی

اب جی میں ہے ـ ـ کہ سر کسی پتھر سے پھوڑیئے
ممکن ہے ــ قلبِ سنگ سے نکلے کوئی پری

بیکار بیٹھے رہنے سے بہتر ہے ـ ـ کوئی دن
تصویر کھینچیے ــ کسی موجِ خیال کی

ناصرؔ ـــــــ بہت سی خُواہشیں دل میں ہیں بے قرار
لیکن کہاں سے لاؤں ــ وُہ بے فِکر زندگی

Leave a Comment

ہر مرحلہ شوق سے لہر ا کے گزر جا

ہر مرحلہ شوق سے لہر ا کے گزر جا
آثار تلاطم ہوں تو بل کھا کے گزر جا

بہکی ہوئی مخمور گھٹاؤں کی صدا سن
فردوس کی تدبیر کو بہلا کے گزر جا

مایوس ہیں احساس کی الجھی ہوئی راہیں
پائل دل مجبور کی چھنکا کے گزر جا

یزداں و اہرمن کی حکایات کے بدلے
انساں کی روایات کو دہرا کے گزر جا

کہتی ہیں تجھے میکدہ وقت کی راہیں
بگڑی ہوئی تقدیر کو سمجھا کے گذر جا

بجھتی ہی نہیں تشنگی دل کسی صورت
اے ابر کرم آگ ہی برسا کے گزرجا

کانٹے جو لگیں ہاتھ تو کچھ غم نہیں ساغر ؔ
کلیوں کو ہر ایک گام پہ بکھرا کے گزر جا

ساغر صدیقی

Leave a Comment

اُس زخمِ جاں کے نام ، جو اب تک نہیں بھرا

اُس زخمِ جاں کے نام ، جو اب تک نہیں بھرا
اُس زندہ دل کے نام ، جو اب تک نہیں مَرا

اُن اہلِ دل کے نام ، جو راہوں کی دُھول ہیں
اُن حوصلوں کے نام ، جنہیں دُکھ قبول ہیں

اُس زندگی کے نام ، گزارا نہیں جِسے
اُس قرضِ فن کے نام ، اُتارا نہیں جِسے

اُن دوستوں کے نام ، جو گوشہ نشین ہیں
اُن بے حِسوں کے نام ، جو بارِ زمین ہیں

اُن بے دلوں کے نام ، جو ہر دم ملُول ہیں
اُن بے بسوں کے نام ، جو گملوں کے پھول ہیں

اُس شعلہ رُخ کے نام ، روشن ہے جس سے رات
ہے ضُوفشاں اندھیرے میں ، ہر نقطۂِ کتاب

اُس حسنِ باکمال کی رعنائيوں کے نام
اور اپنے ذہن و قلب کی تنہائيوں کے نام

(اعتبار ساجد)

Leave a Comment

کون سے تھے جو تمھارے عہد ٹوٹے نہ تھے

کون سے تھے جو تمھارے عہد ٹوٹے نہ تھے
خیر ان باتوں میں کیا رکھا ہے تم جھوٹے نہ تھے

باغباں کچھ سوچ کہ ہم قید سے چھوٹے نہ تھے
ورنہ کچھ پاؤں نہ تھے بیکار، پر ٹوٹے نہ تھے

خار جب اہلِ جنوں کے پاؤں میں ٹوٹے نہ تھے
دامنِ صحرا پہ یہ رنگین گل بوٹے نہ تھے

رہ گئی محروم آزادی کے نغموں سے بہار
کیا کریں قیدِ زباں بندی سے ہم چھوٹے نہ تھے

اس جوانی سے تو اچھی تھی تمھاری کم سنی
بھول تو جاتے وعدوں کو مگر جھوٹے نہ تھے

اس زمانے سے دعا کی ہے بہاروں کے لئے
جب فقط ذکرِ چمن بندی تھا گل بوٹے نہ تھے

کیا یہ سچ ہے اے مرے صیاد گلشن لٹ گیا
جب تو میرے سامنے دو پھول بھی ٹوٹے نہ تھے

چھوڑ تو دیتے تھے رستے میں ذرا سی بات پر
رہبروں نے منزلوں پر قافلے لوٹے نہ تھے

کس قدر آنسو بہائے تم نے شامِ غم قمر
اتنے تارے تو فلک سے بھی کبھی ٹوٹے نہ تھے

قمر جلالوی

Leave a Comment

اب کیسے رفو پیراہن ہو اس آوارہ دیوانے کا

اب کیسے رفو پیراہن ہو اس آوارہ دیوانے کا
کیا جانے گریباں ہو گا کہاں دامن سے بڑا دیوانے کا

واعظ نہ سنے گا ساقی کی لالچ ہے اسے پیمانے کی
مجھ سے ہوں اگر ایسی باتیں میں نام نہ لوں میخانے کا

کیا جانے کہے گا کیا آ کر ہے دور یہاں پیمانے کا
اللہ کرے واعظ کو کبھی رستہ نہ ملے میخانے کا

تربت سے لگا کر تا محشر سنتے ہیں کہ ملتا کوئی نہیں
منزل ہے بڑی آبادی کی رستہ ہے بڑا ویرانے کا

جنت میں پئے گا تو کیوں کر اے شیخ یہاں گر مشق نہ کی
اب مانے نہ مانے تیری خوشی ہے کام مرا سمجھانے کا

جی چاہا جہاں پر روک دیا پاؤں میں چبھے اور ٹوٹ گئے
خاروں نے بھی دل میں سوچ لیا ہے کون یہاں دیوانے کا

ہیں تنگ تیرے میکش ساقی یہ پڑھ کے نماز آتا ہے یہاں
یا شیخ کی توبہ تڑوا دے یا وقت بدل میخانے کا

ہر صبح کو آہِ سرد سے دل شاداب جراحت رہتا ہے
گر یوں ہی رہے گی بادِ سحر یہ پھول نہیں مرجھانے کا

بہکے ہوئے واعظ سے مل کر کیوں بیٹھے ہوئے ہو مے خوارو
گر توڑ دیا سب جام و سبو کیا کر لو گے دیوانے کا

احباب یہ تم کہتے ہو بجا وہ بزمِ عدو میں بیٹھے ہیں
وہ آئیں نہ آئیں ان کی خوشی چرچا تو کرو مر جانے کا

اس وقت کھلے گا جس کو بھی احساسِ محبت ہے کہ نہیں
جب شمع سرِ محفل رو کر منہ دیکھے گی پروانے کا

بادل کے اندھیرے میں چھپ کر میخانے میں آ بیٹھا ہے
گر چاندنی ہو جائے گی قمر یہ شیخ نہیں پھر جانے کا

قمر جلالوی

Leave a Comment

تم تو جاں تک آ گئے

حیرتوں کے سلسلے سوزِ نہاں تک آ گئے
ھم نظر تک چاھتے تھے ، تم تو جاں تک آ گئے

نامرادی اپنی قسمت ، گمرھی اپنا نصیب
کارواں کی خیر ھو ، ھم کارواں تک آ گئے

اُن کی پلکوں پر ستارے اپنے ھونٹوں پر ھنسی
قصہء غم کہتے کہتے , ھم کہاں تک آ گئے

اپنی اپنی جستجو ھے اپنا اپنا شوق ھے
تم ھنسی تک بھی نہ پہنچے , ھم فغاں تک آ گئے

زلف میں خوشبو نہ تھی یا رنگ عارض میں نہ تھا
آپ کس کی آرزو میں گلستاں تک آ گئے؟؟

رفتہ رفتہ رنگ لایا جذبِ خاموشیءِ عشق
وہ تغافل کرتے کرتے امتحاں تک آگئے

خود تمہیں چاکِ گریباں کا شعور آ جائے گا
تم وھاں تک آ تو جاؤ ، ھم جہاں تک آ گئے

آج قابل میکدے میں ، انقلاب آنے کو ھے
اھلِ دل ، اندیشہء سُود و زیاں تک آگئے

قابل اجمیری

Leave a Comment

اہل دل اور بھی ہیں اہل وفا اور بھی ہیں

اہل دل اور بھی ہیں اہل وفا اور بھی ہیں
ایک ہم ہی نہیں دنیا سے خفا اور بھی ہیں

ہم پہ ہی ختم نہیں مسلک شوریدہ سری
چاک دل اور بھی ہیں چاک قبا اور بھی ہیں

کیا ہوا گر مرے یاروں کی زبانیں چپ ہیں
میرے شاہد مرے یاروں کے سوا اور بھی ہیں

سر سلامت ہے تو کیا سنگ ملامت کی کمی
جان باقی ہے تو پیکان قضا اور بھی ہیں

منصف شہر کی وحدت پہ نہ حرف آ جائے
لوگ کہتے ہیں کہ ارباب جفا اور بھی ہیں.

ساحر لدھیانوی

Leave a Comment

ادیب کب ہوا کوئی خطیب کب ہوا

ادیب کب ہوا کوئی خطیب کب ہوا
دل قتل گاہِ ذات کی تہذیب کب ہوا

ہم زاد پہ الزام کا فقدان کیا ہوا
رہا اگر مقابل تو حبیب کب ہوا

حجاب کیسے راتوں رات ہوگیا آزاد
ذات کا غلام یہ منیب کب ہوا

ناؤ کیسے بچ رہی جنوں کے ہاتھ سے
شجاع سالار خون میں شکیب کب ہوا

بوڑها بهیدی کیسے خالی ہاتھ کر گیا
اپنے ہنر سایہء حق نقیب کب ہوا

چار پل کی جنتیں کیا جنتیں ہوئیں
چار پل کا زائچہ نصیب کب ہوا

کب سے “بیگم آرزو” کی کر لی چاکری
قلمِ رزب عقل کا رقیب کب ہوا

رزبؔــــ تبریز

Leave a Comment

زلف راتوں سی ہے رنگت ہے اجالوں جیسی

زلف راتوں سی ہے رنگت ہے اجالوں جیسی
پر طبیعت ہے وہی بھلانے والوں جیسی

اک زمانے کی رفاقت پہ بھی رام – خوردہ ہے
اس کم آمیز کی خو بو ہے غزالوں جیسی

ڈھونڈتا پھرتا ہوں لوگوں میں شباہت اسکی
کے وہ خوابوں میں بھی لگتی ہے خیالوں جیسی

کس دل آزار مسافت سے میں لوٹا ہوں کے ہے
آنسوؤں میں بھی ٹپک پاؤں کے چھالوں جیسی

اسکی باتیں بھی دل آویز ہیں صورت کی طرح
میری سوچیں بھی پریشان میرے بالوں جیسی

اسکی آنکھوں کو کبھی غور سے دیکھا ہے فراز
سونے والوں کی طرح جاگنے والوں جیسی

احمد فراز

Leave a Comment

آخر وہ میرے قد کی بھی حد سے گزر گیا

آخر وہ میرے قد کی بھی حد سے گزر گیا
کل شام میں تو اپنے ہی سائے سے ڈر گیا

مٹھی میں بند کیا ہوا بچوں کے کھیل میں
جگنو کے ساتھ اس کا اجالا بھی مر گیا

کچھ ہی برس کے بعد تو اس سے ملا تھا میں
دیکھا جو میرا عکس تو آئینہ ڈر گیا

ایسا نہیں کہ غم نے بڑھا لی ہو اپنی عمر
موسم خوشی کا وقت سے پہلے گزر گیا

لکھنا مرے مزار کے کتبے پہ یہ حروف
“مرحوم زندگی کی حراست میں مر گیا”

قتیل شفائی

Leave a Comment
%d bloggers like this: