Skip to content

یوں ہی رکّھے گا کیا نڈھال مجھے

یوں ہی رکّھے گا کیا نڈھال مجھے
اے جنوں کر دے باکمال مجھے

خاک اپنا خیال رکھّوں گا
کب نہیں ہے ترا خیال مجھے

وقت سے پہلے توڑ دے نہ کہیں
ٹوٹ جانے کا احتمال مجھے

میں کہ ہوں اک دیا محبت کا
طاقِ نسیاں سے مت نکال مجھے

تیری جانب جھکا سا رہتا ہوں
آگے آتا تھا اعتدال مجھے

غور سے اپنے دل کی بھی کبھی سن
میرے منصب پہ کر بحال مجھے

مل گیا ہوتا گر جواب کوئی
یوں نہ چبھتا مرا سوال مجھے

تیری آنکھوں سے پوچھ لوں گا کبھی
مت بتا اپنے دل کا حال مجھے

وقتِ فرقت کا مت حساب بتا
لمحہ لمحہ لگا ہے سال مجھے

تیری چشمِ خلوص افشاں سے
گر نہ جاؤں کہیں سنبھال مجھے

اُن کو پانے کی ہے خوشی راغبؔ
خود کو کھونے کا کیا ملال مجھے

افتخار راغبؔ

Published inGazals

Be First to Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: