Skip to content

آؤ ملواؤں تمہیں ایسے دکاں دار کے ساتھ

آؤ ملواؤں تمہیں ایسے دکاں دار کے ساتھ
جس کی بنتی ہی نہیں درہم و دینار کے ساتھ

ربط پھیکا ہو تو پهر کس کو مزہ دیتا ہے
کچھ ہوس بھی تو ملاؤ نہ ذرا پیار کے ساتھ

اب بھلا کیسے میں تفریق کروں گا ان میں
میرے اپنے بھی کھڑے ہو گئے اغیار کے ساتھ

پا بجولاں ہی چلے آئے ہو تم مقتل میں
رشتہ لگتا ہے مجھے تیرا کوئی دار کے ساتھ

کون رکھے گا ترے وصل کو ایسے جاناں
میں نے رکھا ہے ترا ہجر بہت پیار کے ساتھ

روشنی شہر کی گلیوں میں رہی رات منیر
چاند بیٹھا رہا لگ کر مری دیوار کے ساتھ

Published inGazalsUncategorized

Be First to Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: