Skip to content

The Poet Place Posts

میں نے کب کہا کے وہ مرے حق میں فیصلہ کرے

میں نے کب کہا کے وہ مرے حق میں فیصلہ کرے
اگر وہ مجھ سے خوش نہیں ہے تو مجھے جدا کرے
میں اس کے ساتھ جس طرح گزارتا ھوں زندگی
اسے تو چائیے کے میرا شکریہ ادا کرے
تہذیب حافی

Leave a Comment

‏اک تیرا ہجر دائمی ہے مجھے

‏اک تیرا ہجر دائمی ہے مجھے
ورنہ ہر چیز عارضی ہے مجھے

ایک سایہ مرے تعاقب میں
ایک آواز ڈھونڈتی ہے مجھے

میں سخن میں ہوں اس جگہ کہ جہاں
سانس لینا بھی شاعری ہے مجھے

میں اسے کب کا بھول بھال چکا
زندگی ہے کہ رو رہی ہے مجھے

تہذیب حافی

Leave a Comment

دستِ شب پر دِکھائی کیا دیں گی

دستِ شب پر دِکھائی کیا دیں گی
سلوٹیں روشنی میں اُبھریں گی

گھر کی دیواریں میرے جانے پر
اپنی تنہائیوں کو سوچیں گی

اُنگلیوں کو تراش دوُں، پھر بھی
عادتاً اُس کا نام لکھیں گی

رنگ و بوُ سے کہیں پناہ نہیں
خواہشیں بھی کہاں اَماں دیں گی

ایک خوشبوُ سے بچ بھی جاؤں اگر
دوُسری نکہتیں جکڑ لیں گی

خواب میں تِتلیاں پکڑنے کو
نیندیں بچوں کی طرح دوڑیں گی

کِھڑکیوں پر دبیز پردے ہوں
بارشیں پھر بھی دستکیں دیں گی
پروین شاکر

Leave a Comment

تارِیکیوں کو آگ لگے اور دِیا جلے

تارِیکیوں کو آگ لگے اور دِیا جلے
یہ رات بَین کرتی رہے اور دِیا جلے

اُس کی زباں میں اِتنا اثر ہے، کہ نصفِ شب
وہ روشنی کی بات کرے، اور دِیا جلے

تم چاہتے ہو تم سے بچھڑ کے بھی خوش رہُوں
یعنی ہَوا بھی چلتی رہے اور دِیا جلے

کیا مجھ سے بھی عزیز ہے تم کو دیے کی لو
پھر تو مِرا مزار بنے اور دِیا جلے

سورج تو میری آنکھ سے آگے کی چیز ہے
میں چاہتا ہُوں، شام ڈھلے اور دِیا جلے

تم لوٹنے میں دیر نہ کرنا، کہ یہ نہ ہو !
دِل تِیرَگی میں ڈوب چُکے اور دِیا جلے

تہذیب حافی

Leave a Comment

شب بسر کرنی ہے، محفوظ ٹھکانہ ہے کوئی ؟

شب بسر کرنی ہے، محفوظ ٹھکانہ ہے کوئی ؟
کوئی جنگل ہے یہاں پاس میں؟ صحرا ہے کوئی؟

ویسے سوچا تھا محبت نہیں کرنی میں نے
اس لئے کی کہ کبھی پوچھ ہی لیتا ہے کوئی

آپ کی آنکھیں تو سیلاب زدہ خطے ہیں
آپ کے دل کی طرف دوسرا رستہ ہے کوئی؟

جانتا ہوں کہ تجھے ساتھ تو رکھتے ہیں کئی
پوچھنا تھا کہ ترا دھیان بھی رکھتا ہے کوئی؟

دکھ مجھے اس کا نہیں ہے کہ دکھی ہے وہ شخص
دکھ تو یہ ہے کہ سبب میرے علاوہ ہے کوئی

دو منٹ بیٹھ، میں بس آئینے تک ہو آؤں
اُس میں اِس وقت مجھے دیکھنے آتا ہے کوئی

خوف بولا: “کوئی ہے؟ جس کو بُلانا ہے، بُلا!”
دیر تک سوچ کے میں زور سے چیخا: ” ہے کوئی؟؟”

عمیر نجمی

Leave a Comment

اب کے ہم بچھڑے

اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں۔۔
جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں۔۔

ڈھونڈ اجڑے ہوئے لوگوں میں وفا کے موتی،
یہ خزانے تجھے ممکن ہے خرابوں میں ملیں۔۔

غمِ دنیا بھی غمِ یار میں شامل کر لو،
نشہ بڑھتا ہے شرابیں جو شرابوں میں ملیں۔۔

تُو خدا ہے نہ میرا عشق فرشتوں جیسا،
دونوں انسان ہیں تو کیوں نہ حجابوں میں ملیں۔۔

آج ہم دار پہ کھینچے گئے جن باتوں پر،
کیا عجب کل وہ زمانے کو نصابوں میں ملیں۔۔

اب نہ وہ میں ہوں، نہ تُو ہے، نہ وہ ماضی ہے فراز،
جیسے دو سائے تمنّا کے سرابوں میں ملیں۔۔

احمد فراز

Leave a Comment

‏کسے خبر ہے کہ عمر بس

‏کسے خبر ہے کہ عمر بس اس پہ غور کرنے میں کٹ رہی ہے
کہ یہ اداسی ہمارے جسموں سے کس خوشی میں لپٹ رہی ہے

میں اس کو ہر روز بس یہی ایک جھوٹ سننے کو فون کرتا
سنو یہاں کوئی مسئلہ ہے تمہاری آواز کٹ رہی ہے

تہذیب حافی

Leave a Comment
%d bloggers like this: