Skip to content

The Poet Place Posts

ایک گماں کا حال ہے، اور فقط گماں میں ہے

ایک گماں کا حال ہے، اور فقط گماں میں ہے
کس نے عذابِ جاں سہا، کون عذابِ جاں میں ہے

لمحہ بہ لمحہ، دَم بہ دَم، آن بہ آن، رَم بہ رَم
میں بھی گزشتگاں میں ہوں، تو بھی گزشتگاں میں ہے

آدمؑ و ذاتِ کبریا کَرب میں ہیں جُدا جُدا
کیا کہوں ان کا ماجرا، جو بھی ہے امتحاں میں ہے

شاخ سے اُڑ گیا پرند، ہے دلِ شامِ دردمند
صحن میں ہے ملال سا، حُزن سا سماں میں ہے

خودبھی بے اماں ہوں میں، تجھ میں بھی بے اماں ہوں میں
کون سہے گا اس کا غم، وہ جو میری اماں میں ہے

کیسا حساب، کیا حساب، حالتِ حال ہے عذاب
زخم نفس نفس میں ہے، زہر زماں زماں میں ہے

اس کا فراق بھی زیاں، اس کا وصال بھی زیاں
اِک عجیب کشمکش حلقۂ بے دِلاں میں ہے

بُود و نبُود کا حساب، میں نہیں جانتا مگر
سارے وجود کی ”نہیں“میرے عدم کی”ہاں“میں ہے

Leave a Comment

بہت دنوں سے نہیں اپنے درمیان وہ شخص

بہت دنوں سے نہیں اپنے درمیان وہ شخص
اُداس کرکے ہمیں چل دیا کہاں وہ شخص

وہ جس کے نقشِ قدم سے چراغ جلتے تھے
جلے چراغ تو خود بن گیا دھواں وہ شخص

قریب تھا تو کہا ہم نے سنگدل بھی اُسے
ہوا جو دور تو لگتا ہے جانِ جاں وہ شخص

اُس ایک شخص میں تھیں دلربائیاں کیا کیا
ہزار لوگ ملیں گے مگر کہاں وہ شخص

وہ اس کا حسنِ دلآرا کہ چپ گناہ لگے
جو بے زباں تھے انھیں دے گیا زباں وہ شخص

یہ اس لیے کہ چمن کی فضا اُداس نہ ہو
رہا ہے قیدِ قفس میں بھی نغمہ خواں وہ شخص

چھپا لیا جسے پت جھڑ کے زرد پتوں نے
ابھی تلک ہے بہاروں پہ حکمراں وہ شخص

ہمیں تو پیاس کے صحرا میں گنگناتے ہوئے
دکھائی دیتا ہے اِک بحرِ بیکراں وہ شخص

قتیل ؔ کیسے بھلائیں ہم اہلِ درد اُسے
دلوں میں چھوڑ گیا اپنی داستاں وہ شخص

قتیل شفائی

Leave a Comment

اُس شام وہ رُخصت کا سماں ، یاد رھے گا

اُس شام وہ رُخصت کا سماں ، یاد رھے گا
وہ شہر ، وہ کُوچہ ، وہ مکاں ، یاد رھے گا

وہ ٹِیس کہ اُبھری تھی اِدھر ، یاد رھے گی
وہ درد کہ اُٹھا تھا یہاں ، یاد رھے گا

ھم شوق کے شعلے کی لپک ، بُھول بھی جائیں
وہ شمعِ فسُردہ کا دُھواں ، یاد رھے گا۔

کچھ میر کے ابیات تھے ، کچھ فیض کے نُسخے
اِک درد کا تھا جن میں بیاں ، یاد رھے گا

جاں بخش سی ، اُس برگِ گُلِ تر کی تراوت
وہ لمسِ عزیز دو جہاں ، یاد رھے گا

ھم بُھول سکے ھیں ، نہ تجھے بُھول سکیں گے
تو، یاد رھے گا ، ھاں ھمیں یاد رہے گا

“اِبنِ اِنشاء”

Leave a Comment

دل کو اک بات کہہ سنانی ہے

دل کو اک بات کہہ سنانی ہے
ساری دنیا فقط کہانی ہے
تو میری جان داستان تھا کبھی
اب ترا نام داستانی ہے
سہہ چکے زخمِ التفات تیرا
اب تری یاد آزمانی ہے
اک طرف دل ہے، اک طرف دنیا
یہ کہانی بہت پرانی ہے
تھا سوال ان اداس آنکھوں کا
زندگی کیا نہیں گنوانی ہے
کیا بتاؤں میں اپنا پاسِ انا
میں نے ہنس ہنس کے ہار مانی ہے
ہوس انگیز ہے بدن میرا
ہائے میری ہوس کہ فانی ہے
روز مرہ ہے زندگی کا عجیب
رات ہے اور نیند آنی ہے
زندگی کس طرح گزاروں میں
مجھ کو روزی نہیں کمانی ہے
جون ایلیا
(لیکن)

Leave a Comment

ہمیں جب کہ اپنا بنا لیا، تو ہے ربط کِس لیے ہم سے کم

ہمیں جب کہ اپنا بنا لیا، تو ہے ربط کِس لیے ہم سے کم
یہ حجاب کیا، یہ گریز کیوں، رہیں سامنے تو وہ کم سے کم

غمِ آرزو، غمِ جُستجُو، غمِ امتحاں، غمِ جسم و جاں
مری زندگی کی بساط کیا، مِری زندگی تو ہے غم سے کم

یہ مقامِ ناز و نیاز ہے، مِرا دل ہی محرمِ راز ہے
وہ نوازتے ہیں بہ مصلحت، ہمیں التفات و کرم سے کم


ترے آستاں کا فقیر ہُوں، مگر آپ اپنی نظِیر ہُوں
مری شانِ فقر جہان میں، نہ مِلے گی شوکتِ جَم سے کم

یہ کہا گیا، یہ سُنا گیا، یہ لکھا گیا، یہ پڑھا گیا
نہ جفا ہوئی کبھی تم سے کم، نہ وفا ہوئی کبھی ہم سے کم

وہی نسبتیں، وہی رفعتیں، وہی رونقیں، وہی عظمتیں
مرے دل میں جب سے وہ ہیں مکیں، نہیں یہ مکاں بھی حرم سے کم

ترے اَبرُوؤں کی حسِیں کماں، نظر آ رہی ہے فلک نشاں
نہ کرشمہ قوسِ قُزَاح سے کم، نہ کشش ہلال کے خم سے کم

نہ ستا مجھے، نہ رُلا مجھے، نہیں اور تابِ جفا مجھے
کہ مری متاعِ شکیب ہے، تری کائناتِ ستم سے کم


یہ کرم ہے کم سرِ انجمن کہ پلائی اُس نے مئے سُخن
مجھے پاس اپنے بُلا لیا، رہی بات میری تو کم سے کم

نہیں جس میں تیری تجلّیاں، اُسے جانچتی ہے نظر کہاں
ترے نُور کا نہ ظہُور ہو، تو وجود بھی ہے عدم سے کم

کبھی اِنعکاسِ جمال ہے، کبھی عینِ شَے کی مثال ہے
نہیں میرے دل کا معاملہ، کسی آئینے کے بھرم سے کم


مہ و آفتاب و نجوم سب، ہیں ضیا فگن، نہیں اس میں شک
ہے مُسَلَّم ان کی چمک دَمک، مگر اُنؐ کے نقشِ قدم سے کم

یہی آرزُو، یہی مُدّعا، کبھی وقت ہو تو سُنیں ذرا
مری داستانِ حیاتِ غم، جو لکھی گئی ہے قلم سے کم

یہ نصیرؔ دفترِ راز ہے، یہ غبارِ راہِ نیاز ہے
کریں اِس پہ اہلِ جہاں یقیں، نہیں اِس کا قول، قسم سے کم

Leave a Comment

تیرے لیے چلے تھے ہم تیرے لیے ٹھہر گئے

تیرے لیے چلے تھے ہم تیرے لیے ٹھہر گئے
تو نے کہا تو جی اٹھے تو نے کہا تو مر گئے

تو بھی کچھ اور اور ہے ہم بھی کچھ اور اور ہیں
جانے وہ تو کدھر گیا جانے وہ ہم کدھر گئے

راہوں میں ہی ملے تھے ہم راہیں نصیب بن گئیں
وہ بھی نہ اپنے گھر گیا ہم بھی نہ اپنے گھر گئے

وقت ہی جدائی کا اتنا طویل ہو گیا
دل میں ترے وصال کے جتنے تھے زخم بھر گئے

ہوتا رہا مقابلہ پانی کا اور پیاس کا
صحرا امڈ امڈ پڑے دریا بپھر بپھر گئے

وہ بھی غبار خواب تھا ہم بھی غبار خواب تھے
وہ بھی کہیں بکھر گیا ہم بھی کہیں بکھر گئے

کوئی کنار آب جو بیٹھا ہوا ہے سرنگوں
کشتی کدھر چلی گئی جانے کدھر بھنور گئے

آج بھی انتظار کا وقت حنوط ہو گیا
ایسا لگا کہ حشر تک سارے ہی پل ٹھہر گئے

بارش وصل وہ ہوئی سارا غبار دھل گیا
وہ بھی نکھر نکھر گیا ہم بھی نکھر نکھر گئے

آب محیط عشق کا بحر عجیب بحر ہے
تیرے تو غرق ہو گئے ڈوبے تو پار کر گئے

اتنے قریب ہو گئے اپنے رقیب ہو گئے
وہ بھی عدیمؔ ڈر گیا ہم بھی عدیمؔ ڈر گئے

اس کے سلوک پر عدیمؔ اپنی حیات و موت ہے
وہ جو ملا تو جی اٹھے وہ نہ ملا تو مر گئے

عدیم ہاشمی

Leave a Comment

کام آ سکیں نہ اپنی وفائیں تو کیا کریں

کام آ سکیں نہ اپنی وفائیں تو کیا کریں
اس بے وفا کو بھول نہ جائیں تو کیا کریں

مجھ کو یہ اعتراف دعاؤں میں ہے اثر
جائیں نہ عرش پر جو دعائیں تو کیا کریں

اک دن کی بات ہو تو اسے بھول جائیں ہم
نازل ہوں دل پہ روز بلائیں تو کیا کریں

ظلمت بدوش ہے مری دنیائے عاشقی
تاروں کی مشعلے نہ چرائیں تو کیا کریں

شب بھر تو ان کی یاد میں تارے گنا کئے
تارے سے دن کو بھی نظر آئیں تو کیا کریں

عہد طرب کی یاد میں رویا کئے بہت
اب مسکرا کے بھول نہ جائیں تو کیا کریں

اب جی میں ہے کہ ان کو بھلا کر ہی دیکھ لیں
وہ بار بار یاد جو آئیں تو کیا کریں

وعدے کے اعتبار میں تسکین دل تو ہے
اب پھر وہی فریب نہ کھائیں تو کیا کریں

ترک وفا بھی جرم محبت سہی مگر
ملنے لگیں وفا کی سزائیں تو کیا کریں

اختر شیرانی

Leave a Comment

تھے دیار نو زمین و آسماں میرے لیے

تھے دیار نو زمین و آسماں میرے لیے
وسعت آغوش مادر اک جہاں میرے لیے

تھی ہر اک جنبش نشان لطف جاں میرے لیے
حرف بے مطلب تھی خود میری زباں میرے لیے

درد، طفلی میں اگر کوئی رلاتا تھا مجھے
شورش زنجیر در میں لطف آتا تھا مجھے

تکتے رہنا ہائے! وہ پہروں تلک سوئے قمر
وہ پھٹے بادل میں بے آواز پا اس کا سفر

پوچھنا رہ رہ کے اس کے کوہ و صحرا کی خبر
اور وہ حیرت دروغ مصلحت آمیز پر

آنکھ وقف دید تھی، لب مائل گفتار تھا
دل نہ تھا میرا، سراپا ذوق استفسار تھا

Leave a Comment

کون بیوپار میں دیکھے گا خریدار کا غم

کون بیوپار میں دیکھے گا خریدار کا غم
یہ ہے بازار یہاں بکتا ہے بازار کا غم

تجھ سے مخفی رہے گرتی ہوئی دیوار کا غم
رب دکھائے نہ مرے یار ، تجھے یار کا غم

غمِ دوراں کا ہو مارا تو شفا ممکن ہے
کس کو آئے گا سمجھ آپ کے بیمار کا غم

یہ الگ بات کہ ہم پار اتر آئے ہیں
ہم کو اس پار بھی رہتا ہے اسی پار کا غم

خواب دیکھے ہیں تری نیندوں نے ہنستے بستے
تیری نیندوں کو پتہ ہی نہیں بیدار کا غم

جاگتا روز ہے پھر ایک نئی شدت سے
جھوٹ دعویٰ ہے کہ مٹ جاتا ہے مے خوار کا غم

یہ جو قربت ہے فقط یار ہے سائے کی طلب
بانٹنے آتا نہیں کوئی بھی دیوار کا غم

آپ کے واسطے یہ عشق تماشا ہو گا
دار پر آؤ گے، سمجھو گے ، تبھی دار کا غم

کاش ابرک یہ لگی دل میں لگی رہ جاتی
کم سے کم ایک تو کم ہوتا یہ انکار کا غم

Leave a Comment

مانیں گے ہم خُدا نہ زمانے کا فیصلہ

مانیں گے ہم خُدا نہ زمانے کا فیصلہ
خود ہی کریں گے جانے نہ جانے کا فیصلہ

تُو بھی تو ایک راز ہے اس کائنات کا
سو عقل نے کیا تجھے پانے کا فیصلہ

مانوس ہوں خزاں سے تو لوٹ آئے پھر بہار
موسم نے کر رکھا ہے ستانے کا فیصلہ

فرصت کا مرحلہ ہے ، تمنائے گُل نہیں
ہے ریت پر جو باغ لگانے کا فیصلہ

ہم نے زمیں پہ امن بھی دیکھا ہے والفلک
جھوٹی خبر سہی، ہے اُڑانے کا فیصلہ

چھانے لگا زمان و مکاں پر عجب سکوت
میں نے کیا جو شور مچانے کا فیصلہ

اے لاشریک! واسطہ اِس وصف کا تجھے
کر مجھ سا کوئی اور بنانے کا فیصلہ

ہو طُور پر کہیں کہ ملے عرش سے پرے
اب کے ہے تجھ کو ڈھونڈ کے لانے کا فیصلہ

Leave a Comment
%d bloggers like this: