Skip to content

Category: Sad Poetry

This Category will contain all sad poetry

بہت دنوں سے نہیں اپنے درمیان وہ شخص

بہت دنوں سے نہیں اپنے درمیان وہ شخص
اُداس کرکے ہمیں چل دیا کہاں وہ شخص

وہ جس کے نقشِ قدم سے چراغ جلتے تھے
جلے چراغ تو خود بن گیا دھواں وہ شخص

قریب تھا تو کہا ہم نے سنگدل بھی اُسے
ہوا جو دور تو لگتا ہے جانِ جاں وہ شخص

اُس ایک شخص میں تھیں دلربائیاں کیا کیا
ہزار لوگ ملیں گے مگر کہاں وہ شخص

وہ اس کا حسنِ دلآرا کہ چپ گناہ لگے
جو بے زباں تھے انھیں دے گیا زباں وہ شخص

یہ اس لیے کہ چمن کی فضا اُداس نہ ہو
رہا ہے قیدِ قفس میں بھی نغمہ خواں وہ شخص

چھپا لیا جسے پت جھڑ کے زرد پتوں نے
ابھی تلک ہے بہاروں پہ حکمراں وہ شخص

ہمیں تو پیاس کے صحرا میں گنگناتے ہوئے
دکھائی دیتا ہے اِک بحرِ بیکراں وہ شخص

قتیل ؔ کیسے بھلائیں ہم اہلِ درد اُسے
دلوں میں چھوڑ گیا اپنی داستاں وہ شخص

قتیل شفائی

Leave a Comment

اُس شام وہ رُخصت کا سماں ، یاد رھے گا

اُس شام وہ رُخصت کا سماں ، یاد رھے گا
وہ شہر ، وہ کُوچہ ، وہ مکاں ، یاد رھے گا

وہ ٹِیس کہ اُبھری تھی اِدھر ، یاد رھے گی
وہ درد کہ اُٹھا تھا یہاں ، یاد رھے گا

ھم شوق کے شعلے کی لپک ، بُھول بھی جائیں
وہ شمعِ فسُردہ کا دُھواں ، یاد رھے گا۔

کچھ میر کے ابیات تھے ، کچھ فیض کے نُسخے
اِک درد کا تھا جن میں بیاں ، یاد رھے گا

جاں بخش سی ، اُس برگِ گُلِ تر کی تراوت
وہ لمسِ عزیز دو جہاں ، یاد رھے گا

ھم بُھول سکے ھیں ، نہ تجھے بُھول سکیں گے
تو، یاد رھے گا ، ھاں ھمیں یاد رہے گا

“اِبنِ اِنشاء”

Leave a Comment

دل کو اک بات کہہ سنانی ہے

دل کو اک بات کہہ سنانی ہے
ساری دنیا فقط کہانی ہے
تو میری جان داستان تھا کبھی
اب ترا نام داستانی ہے
سہہ چکے زخمِ التفات تیرا
اب تری یاد آزمانی ہے
اک طرف دل ہے، اک طرف دنیا
یہ کہانی بہت پرانی ہے
تھا سوال ان اداس آنکھوں کا
زندگی کیا نہیں گنوانی ہے
کیا بتاؤں میں اپنا پاسِ انا
میں نے ہنس ہنس کے ہار مانی ہے
ہوس انگیز ہے بدن میرا
ہائے میری ہوس کہ فانی ہے
روز مرہ ہے زندگی کا عجیب
رات ہے اور نیند آنی ہے
زندگی کس طرح گزاروں میں
مجھ کو روزی نہیں کمانی ہے
جون ایلیا
(لیکن)

Leave a Comment

ہمیں جب کہ اپنا بنا لیا، تو ہے ربط کِس لیے ہم سے کم

ہمیں جب کہ اپنا بنا لیا، تو ہے ربط کِس لیے ہم سے کم
یہ حجاب کیا، یہ گریز کیوں، رہیں سامنے تو وہ کم سے کم

غمِ آرزو، غمِ جُستجُو، غمِ امتحاں، غمِ جسم و جاں
مری زندگی کی بساط کیا، مِری زندگی تو ہے غم سے کم

یہ مقامِ ناز و نیاز ہے، مِرا دل ہی محرمِ راز ہے
وہ نوازتے ہیں بہ مصلحت، ہمیں التفات و کرم سے کم


ترے آستاں کا فقیر ہُوں، مگر آپ اپنی نظِیر ہُوں
مری شانِ فقر جہان میں، نہ مِلے گی شوکتِ جَم سے کم

یہ کہا گیا، یہ سُنا گیا، یہ لکھا گیا، یہ پڑھا گیا
نہ جفا ہوئی کبھی تم سے کم، نہ وفا ہوئی کبھی ہم سے کم

وہی نسبتیں، وہی رفعتیں، وہی رونقیں، وہی عظمتیں
مرے دل میں جب سے وہ ہیں مکیں، نہیں یہ مکاں بھی حرم سے کم

ترے اَبرُوؤں کی حسِیں کماں، نظر آ رہی ہے فلک نشاں
نہ کرشمہ قوسِ قُزَاح سے کم، نہ کشش ہلال کے خم سے کم

نہ ستا مجھے، نہ رُلا مجھے، نہیں اور تابِ جفا مجھے
کہ مری متاعِ شکیب ہے، تری کائناتِ ستم سے کم


یہ کرم ہے کم سرِ انجمن کہ پلائی اُس نے مئے سُخن
مجھے پاس اپنے بُلا لیا، رہی بات میری تو کم سے کم

نہیں جس میں تیری تجلّیاں، اُسے جانچتی ہے نظر کہاں
ترے نُور کا نہ ظہُور ہو، تو وجود بھی ہے عدم سے کم

کبھی اِنعکاسِ جمال ہے، کبھی عینِ شَے کی مثال ہے
نہیں میرے دل کا معاملہ، کسی آئینے کے بھرم سے کم


مہ و آفتاب و نجوم سب، ہیں ضیا فگن، نہیں اس میں شک
ہے مُسَلَّم ان کی چمک دَمک، مگر اُنؐ کے نقشِ قدم سے کم

یہی آرزُو، یہی مُدّعا، کبھی وقت ہو تو سُنیں ذرا
مری داستانِ حیاتِ غم، جو لکھی گئی ہے قلم سے کم

یہ نصیرؔ دفترِ راز ہے، یہ غبارِ راہِ نیاز ہے
کریں اِس پہ اہلِ جہاں یقیں، نہیں اِس کا قول، قسم سے کم

Leave a Comment

کون بیوپار میں دیکھے گا خریدار کا غم

کون بیوپار میں دیکھے گا خریدار کا غم
یہ ہے بازار یہاں بکتا ہے بازار کا غم

تجھ سے مخفی رہے گرتی ہوئی دیوار کا غم
رب دکھائے نہ مرے یار ، تجھے یار کا غم

غمِ دوراں کا ہو مارا تو شفا ممکن ہے
کس کو آئے گا سمجھ آپ کے بیمار کا غم

یہ الگ بات کہ ہم پار اتر آئے ہیں
ہم کو اس پار بھی رہتا ہے اسی پار کا غم

خواب دیکھے ہیں تری نیندوں نے ہنستے بستے
تیری نیندوں کو پتہ ہی نہیں بیدار کا غم

جاگتا روز ہے پھر ایک نئی شدت سے
جھوٹ دعویٰ ہے کہ مٹ جاتا ہے مے خوار کا غم

یہ جو قربت ہے فقط یار ہے سائے کی طلب
بانٹنے آتا نہیں کوئی بھی دیوار کا غم

آپ کے واسطے یہ عشق تماشا ہو گا
دار پر آؤ گے، سمجھو گے ، تبھی دار کا غم

کاش ابرک یہ لگی دل میں لگی رہ جاتی
کم سے کم ایک تو کم ہوتا یہ انکار کا غم

Leave a Comment

لبوں پہ حرفِ رجز ہے زرہ اتار کے بھی

لبوں پہ حرفِ رجز ہے زرہ اتار کے بھی
میں جشنِ فتح مناتا ہوں جنگ ہار کے بھی

اسے لبھا نہ سکا میرے بعد کا موسم
بہت اداس لگا خال و خد سنوار کے بھی

اب ایک پل کا تغافل بھی سہہ نہیں سکتے
ہم اہلِ دل کبھی عادی تھے انتظار کے بھی

وہ لمحہ بھر کی کہانی کہ عمر بھر میں کہی
ابھی تو خود سے تقاضے تھے اختصار کے بھی

زمین اوڑھ لی ہم نے پہنچ کے منزل پر
کہ ہم پہ قرض تھے کچھ گردِ رہ گزار کے بھی

مجھے نہ سن مرے بے شکل اب دکھائی تو دے
میں تھک گیا ہوں فضا میں تجھے پکار کے بھی

مری دعا کو پلٹنا تھا پھر ادھر محسنؔ
بہت اجاڑ تھے منظر افق سے پار کے بھی

محسن نقوی

Leave a Comment

فراز اب کوئی سودا کوئی جنوں بھی نہیں

فراز اب کوئی سودا کوئی جنوں بھی نہیں
مگر قرار سے دن کٹ رہے ہوں یوں بھی نہیں

لب و دہن بھی ملا گفتگو کا فن بھی ملا
مگر جو دل پہ گزرتی ہے کہہ سکوں بھی نہیں

نہ جانے کیوں مری آنکھیں برسنے لگتی ہیں
جو سچ کہوں تو کچھ ایسا اداس ہو ں بھی نہیں

مری زباں کی لکنت سے بدگمان نہ ہو
جو تو کہے تو تجھے عمر بھر ملوں بھی نہیں

دکھوں کے ڈھیر لگے ہیں کہ لوگ بیٹھے ہیں
اسی دیار کا میں بھی ہوں اور ہوں بھی نہیں

فراز جیسے دیا قربتِ ہوا چاہے
وہ پاس آۓ تو ممکن ہے میں رہوں بھی نہیں

احمد فراز

Leave a Comment

عکس خوشبو ہوں، بکھرنے سے نہ روکے کوئی

عکس خوشبو ہوں، بکھرنے سے نہ روکے کوئی
اور بکھر جاؤں تو مجھ کو نہ سمیٹے کوئی

کانپ اُٹھتی ہوں یہی سوچ کہ تنہائی میں
میرے چہرے پہ تیرا نام نہ پڑھ لے کوئی

جس طرح خواب میرے ہو گئے ریزہ ریزہ
اس طرح سے نہ کبھی ٹوٹ کے بکھرے کوئی

میں تو اس دن سے ہراساں ہوں کہ جب حکم ملے
خشک پھولوں کو کتابوں میں نہ رکھے کوئی

اب تو اس راہ سے وہ شخص گزرتا بھی نہیں
اب کس اُمید پہ دروازے سے جھانکے کوئی

کوئی آہٹ، کوئی آواز، کوئی چاپ نہیں
دِل کی گلیاں بڑی سنسان ہیں آئے کوئی

پروین شاکر

Leave a Comment

ﻭﮦ ﺟﻮ ﺍﭘﻨﺎ ﯾﺎﺭ ﺗﮭﺎ ﺩﯾﺮ ﮐﺎ

ﻭﮦ ﺟﻮ ﺍﭘﻨﺎ ﯾﺎﺭ ﺗﮭﺎ ﺩﯾﺮ ﮐﺎ
ﮐﺴﯽ ﺍﻭﺭ ﺷﮩﺮ ﻣﯿﮟ ﺟﺎ ﺑﺴﺎ
ﮐﻮﺋﯽ ﺷﺨﺺ ﺍُﺱ ﮐﮯ ﻣﮑﺎﻥ ﻣﯿﮟ
ﮐﺴﯽ ﺍﻭﺭ ﺷﮩﺮ ﮐﺎ ﺁ ﺑﺴﺎ

ﯾﮩﯽ ﺁﻧﺎ ﺟﺎﻧﺎ ﮬﮯ ﺯﻧﺪﮔﯽ
ﮐﮩﯿﮟ ﺩﻭﺳﺘﯽ ﮐﮩﯿﮟ ﺍﺟﻨﺒﯽ
ﯾﮩﯽ ﺭﺷﺘﮧ ﮐﺎﺭِ ﺣﯿﺎﺕ ﮬﮯ
ﮐﺒﮭﯽ ﻗُﺮﺏ ﮐﺎ، ﮐﺒﮭﯽ ﺩُﻭﺭ ﮐﺎ

ﻣﻠﮯ ﺍِﺱ ﻣﯿﮟ ﻟﻮﮒ ﺭﻭﺍﮞ ﺩﻭﺍﮞ
ﮐﻮﺋﯽ ﺑﮯ ﻭﻓﺎ ﮐﻮﺋﯽ ﺑﺎ ﻭﻓﺎ
ﮐﭩﯽ ﻋُﻤﺮ ﺍﭘﻨﯽ ﯾﮩﺎﮞ ﻭﮬﺎﮞ
ﮐﮩﯿﮟ ﺩﻝ ﻟﮕﺎ ﮐﮩﯿﮟ ﻧﮧ ﻟﮕﺎ

ﮐﻮﺋﯽ ﺧُﻮﺍﺏ ﺍﯾﺴﺎ ﺑﮭﯽ ﮬﮯ ﯾﮩﺎﮞ
ﺟﺴﮯ ﺩﯾﮑﮫ ﺳﮑﺘﮯ ﮬﻮﮞ ﺩﯾﺮ ﺗﮏ
ﮐﺴﯽ ﺩﺍﺋﻤﯽ ﺷﺐِ ﻭﺻﻞ ﮐﺎ
ﮐﺴﯽ ﻣﺴﺘﻘﻞ ﻏﻢِ ﯾﺎﺭ ﮐﺎ

ﻭﮦ ﺟﻮ ﺍِﺱ ﺟﮩﺎﮞ ﺳﮯ ﮔﺰﺭ ﮔﺌﮯ
ﮐﺴﯽ ﺍﻭﺭ ﺷﮩﺮ ﻣﯿﮟ ﺯﻧﺪﮦ ﮬﯿﮟ
ﮐﻮﺋﯽ ﺍﯾﺴﺎ ﺷﮩﺮ ﺿﺮﻭﺭ ﮬﮯ
ﺍﻧﮩﯽ ﺩﻭﺳﺘﻮﮞ ﺳﮯ ﺑﮭﺮﺍ ﮬُﻮﺍ

ﯾُﻮﻧﮩﯽ ﮬﻢ ﻣُﻨﯿﺮؔ ﭘﮍﮮ ﺭﮬﮯ
ﮐﺴﯽ ﺍِﮎ ﻣﮑﺎﮞ ﮐﯽ ﭘﻨﺎﮦ ﻣﯿﮟ
ﮐﮧ ﻧﮑﻞ ﮐﮯ ﺍﯾﮏ ﭘﻨﺎﮦ ﺳﮯ
ﮐﮩﯿﮟ ﺍﻭﺭ ﺟﺎﻧﮯ ﮐﺎ ﺩَﻡ ﻧﮧ ﺗﮭﺎ

منیر نیازی

Leave a Comment

خود داریوں کے خون کو ارزاں نہ کر سکے

خود داریوں کے خون کو ارزاں نہ کر سکے
ہم اپنے جوہروں کو نمایاں نہ کر سکے

ہو کر خرابِ مے ترے غم تو بھلا دیئے
لیکن غمِ حیات کا درماں نہ کر سکے

ٹوٹا طلسمِ عہد محبّت کچھ اس طرح
پھر آرزو کی شمع فروزاں نہ کر سکے

ہر شے قریب آ کے کشش اپنی کھو گئی
وہ بھی علاجِ شوق گریزاں نہ کر سکے

کس درجہ دل شکن تھے محبت کے حادثے
ہم زندگی میں پھر کوئی ارماں نہ کر سکے

مایوسیوں نے چھین لیے دل کے ولولے
وہ بھی نشاطِ روح کا ساماں نہ کر سکے

ساحر لدھیانوی

Leave a Comment
%d bloggers like this: