Skip to content

Month: December 2019

پھر ساون رت کی پون چلی تم یاد آئے​

پھر ساون رت کی پون چلی تم یاد آئے​
پھر پتوں کی پازیب بجی تم یاد آئے​

​پھر کونجیں بولیں گھاس کے ہرے سمندر میں​
رت آئی پیلے پھولوں کی تم یاد آئے​

​پھر کاگا بولا گھر کے سونے آنگن میں​
پھر امرت رس کی بوند پڑی تم یاد آئے​

​پہلے تو میں چیخ کے رویا اور پھر ہنسنے لگا​
بادل گرجا بجلی چمکی تم یاد آئے​

​دن بھر تو میں دنیا کے دھندوں میں کھویا رہا​
جب دیواروں سے دھوپ ڈھلی تم یاد آئے​

​ناصر کاظمی

Leave a Comment

‏اسی لئے تو کسی کو بتانے والا نہیں

‏اسی لئے تو کسی کو بتانے والا نہیں
کہ تیرا میرا تعلق زمانے والا نہیں

برے لگیں نہ ہمیں کیوں یہ خوبصورت لوگ
کہ ان میں کوئی مرا غم بٹانے والا نہیں

میں اس لئے تجھے بانہوں میں بھرنا چاہتا ہوں
مجھے پتہ ہے تو لاہور آنے والا نہیں

عباس تابش

Leave a Comment

سرِ محشر ہم ایسے عاصیوں کا اور کیا ہو گا

سرِ محشر ہم ایسے عاصیوں کا اور کیا ہو گا
درِ جنت نہ وا ہو گا ۔۔۔۔ درِ رحمت تو وا ہو گا
جہنم ہو کہ جنت ۔۔۔ جو بھی ہو گا فیصلہ ہو گا
یہ کیا کم ہے ہمارا اور اُن کا سامنا ہو گا
۔۔۔۔۔۔۔
جگر مراد آبادی

Leave a Comment

ہمارے شعروں کی کیا حقیقت

ہمارے شعروں کی کیا حقیقت,تمہاری آنکھوں کے ترجمے ہیں
تمہاری آنکھیں کے جن کے جادو, ہزار راتوں کے ترجمے ہیں

جو تم ترقی کی بات لکھنا, تو یہ گواہی بھی ساتھ لکھنا
یہ ٹوٹی گلیاں یہ بھوکے بچے,تمہارے محلوں کے کے ترجمے ہیں

میں اس عدالت کو کیسے مانوں, بدست جابر جو بک گئی ہو
یہ جتنے کاغذ ہیں فیصلوں کے, سب غلاموں کے ترجمے ہیں

ہماری آنکھوں پہ طنز کیسا,ہماری حالت سے وحشتیں کیوں
کہ اپنی آنکھوں کے رتجگے بھی تمہاری نیندوں کے ترجمے ہیں

علی زریون

Leave a Comment

دل بہلتا ہے کہاں انجم و مہتاب سے بھی

دل بہلتا ہے کہاں انجم و مہتاب سے بھی
اب تو ہم لوگ گئے، دیدۂ بے خواب سے بھی

رو پڑا ہوں تو کوئی بات ہی ایسی ہو گی
میں کہ واقف تھا ترے ہجر کے آداب سے بھی

کچھ تو اس آنکھ کا شیوہ ہے خفا ہو جانا
اور کچھ بھول ہوئی ہے دلِ بےتاب سے بھی

اے سمندر کی ہَوا تیرا کرم بھی معلوم
پیاس ساحل کی تو بجھتی نہیں سیلاب سے بھی

کچھ تو اُس حسن کو جانے ہے زمانہ سارا
اور کچھ بات چلی ہے مرے احباب سے بھی

دل کبھی غم کے سمندر کا شناور تھا فرازؔؔ
اب تو خوف آتا ہے اک موجۂ پایاب سے بھی

فراز

Leave a Comment
%d bloggers like this: