Skip to content

میں سانس لیتے ضعیف جسموں میں رہ چکا ہوں

میں سانس لیتے ضعیف جسموں میں رہ چکا ہوں
میں حادثہ ہوں اداس لوگوں میں رہ چکا ہوں

قدیم نسلوں کے گھر نحوست کا دیوتا تھا
جدید نسلوں کے زرد کمروں میں رہ چکا ہوں

میں نیم مردہ اسیر انساں کا قہقہہ ہوں
میں سرخ اینٹوں کے خونی پنجروں میں رہ چکا ہوں

میں ایسا سر ہوں جو دشت غربت میں کٹ گیا تھا
میں سر بریدہ شہید لاشوں میں رہ چکا ہوں

میں راجا گدھ ہوں نہ دشت زادہ نہ ماس خورہ
میں پھر بھی بستی کے مردہ خوروں میں رہ چکا ہوں

میں اسم اعظم کا معجزہ ہوں میں ناخدا ہوں
میں چاند تاروں میں اور غاروں میں رہ چکا ہوں

یقین جانو یہ میرے بالوں میں گرد دیکھو
میں شہر والا تمہارے گاؤں میں رہ چکا ہوں

میں یوم عاشور تشنگی کا سراب بن کر
خلیل زادوں کے خالی کوزوں میں رہ چکا ہوں

Published inGazalsSad Poetry

Be First to Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: